بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری ملکر (ن) لیگ کی نیندیں اڑا دینگے‘ مخدوم احمد محمود

جمعرات 26 جنوری 2017 14:25

بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری ملکر (ن) لیگ کی نیندیں اڑا دینگے‘ مخدوم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2017ء) پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ آئندہ مردم شماری کا عمل پنجاب کے مستقبل کے حوالے سے بہت اہمیت کا حامل ہے،جنوبی پنجاب کے ساتھ ہمیشہ زیادتی ہوتی رہی ہے، اس لیے تمام سیاسی جماعتوں کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ جماعتی بنیادوں پر اور اجتماعی طریقے سے مردم شماری کے عمل کو کامیاب بنانے کے لیے اپناکردار ادا کریں۔

یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقاد ر شاہین کے ہمراہ میڈیا آفس سے جاری اپنے بیان میں کہی ۔ مخدوم احمد محمود نے کہا کہ ملک کی مجموعی آبادی کا 52% خواتین پر مشتمل ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ 15 ملین عورتیں ووٹ کے حق سے ہی محروم ہیں۔

(جاری ہے)

آخری مرتبہ مردم شماری 1998؁ء میں ہوئی تھی۔ حالانکہ اسے ہر 10 سال بعد باقاعدگی سے ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ والے سی پیک منصوبے پر قوم کو گمراہ نہیں کر سکتے اس کا آغاز آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں کیا۔ حکومت ہمارے دور میں شروع ہونیوالے منصوبوں کے فیتے کاٹ رہی ہے۔ کیا چشمہ کا منصوبہ ساڑھے تین سال پہلے شروع ہوا تھا کیا آج ملک میںکسان اپنی فصلیں جلانے پر مجبور نہیں ہیں ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کو جرائم پیشہ لوگوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بنا کر آشیانہ ہائوسنگ سکیموں کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ نہیں مارا گیا کیا میگاء پراجیکٹس کی آڑ میں ذاتی کاروبار کو وسعت چہیتے عناصر کو نوازنے سمیت ملک و قوم کو مزید مقروض نہیں بنایا جا رہا کیا آج کا مزدور سڑکوں پر بے روزگا نر نہیں گھوم رہا۔

بلکہ تخت لاہور کے شہزادوں کی آمرانہ سوچ اور انتقامی کاررائیوں کے باعث آج ہر طبقہ سڑکوں پر ماتم اور احتجاج کر رہا ہے۔ (ن) لیگ مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ دیہاتوں میں آج بھی 18,18 گھنٹے کی بدترین لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے جبکہ مہنگائی آسمانوں سے باتیں کر رہی ہے شریف برادران کی دولت میں تب تب اضافہ ہوا جب انہیں اقتدار ملا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے ملک میں جمہوریت کی بقاء کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے ہمارا نعرہ روٹی،کپڑا اور مکان ہے۔

جو عوام کو ضرور ملے گا یہ ہماری موومنٹ کا آغاز ہو گا۔ ہم پارلیمنٹ میں بھی ہونگے سڑکوں پر بھی ہونگے اور اپنے 4 مطالبات جمہوری احتساب اس تحت شریف خاندان سے لیں گے آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری ملکر (ن) لیگ کی نیندیں اڑا دینگے۔