لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں بھارتی یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا

مقبوضہ کشمیر میں شٹرڈائون ہڑتال ‘ مظاہرے ‘ ریلیاں نکالی گئیں ‘ شہداء کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ

جمعرات 26 جنوری 2017 16:54

سرینگر/ مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2017ء) لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں نے بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے اس عزم کی تجدید نو کی کہ حق خودارادیت کے حصول تک تحریک آزادی کو بھرپور جوش و خروش سے جاری رکھا جائے گا اور شہداء کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ مقبوضہ وادی میں یوم سیاہ کے موقع پر عام ہڑتال کی گئی اور بھارت مخالف مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ۔

وادی بھر میں بھارتی فوجی چھائونی میں تبدیل کئے جانے کے باوجود بڑی تعداد میں کشمیری سڑکوں اور گلیوں میں نکلے اور انہوں نے بھارت مخالف احتجاجی نعرے لگاتے ہوئے اپنا آزادی کا مشن جاری رکھنے کا عزم کیا یوم سیاہ کے موقع پر وادی بھر میں تمام تعلیمی ادارے ‘ کاروباری مراکز اور دفاتر بند رہے سڑکوں پر ٹریفک کا نظام بھی معطل رہا ۔

(جاری ہے)

مظاہرین کی بڑی تعداد نے اقوام عالم سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو بند کروانے کے لئے بھارت پر دبائو ڈالیں ۔

آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے بھی احتجاجی ریلیاں نکالیں اور اقوام متحدہ کے مبصر مشنز میں یادداشتیں پیش کیں جن میں کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کے لئے مثبت کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا دریں اثناء حریت رہنمائوں سید علی گیلانی ‘ میرواعظ عمر فاروق اور دیگر نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارت خواہ جتنا طاقت کا استعمال کر لے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا بیان میں کہا گیا کہ کشمیری اپنے لہو کا آخری قطرہ بہانے تک آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ بیان میں کہا گیا کہ شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا ۔