Live Updates

وزیراعظم محمد نواز شریف صادق بھی ہیں اور امین بھی، ہمارے قائد نے کبھی جھوٹ نہیں بولا،عمران خان کا ٹولہ پاکستان کے لئے مسلسل خطرہ بنتا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کا نیا پاکستان دیکھنا ہے تو سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی سے بھرپور نیا پاکستان دیکھا جائے، ایوان میں جو کچھ ہوا یہ اتفاقیہ حادثہ نہیں بلکہ پی ٹی آئی کی منصوبہ بندی تھی،وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق

جمعرات 26 جنوری 2017 23:34

وزیراعظم محمد نواز شریف صادق بھی ہیں اور امین بھی، ہمارے قائد نے کبھی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2017ء) وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کا ٹولہ پاکستان کے لئے مسلسل خطرہ بنتا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کا نیا پاکستان دیکھنا ہے تو سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی سے بھرپور نیا پاکستان دیکھا جائے، ایوان میں جو کچھ ہوا یہ اتفاقیہ حادثہ نہیں بلکہ پی ٹی آئی کی منصوبہ بندی تھی، ہمیں پہلے بھی اطلاع تھی ، وزیراعظم محمد نواز شریف صادق بھی ہیں اور امین بھی، ہمارے قائد نے کبھی جھوٹ نہیں بولا، ہم ایسے قائد کے پیچھے کھڑے ہیں جو غیبت سے نفرت کرتے ہیں، نواز شریف نے ہم جیسے سرکش لوگوں کو طاقت کے ذریعے قابو نہیں کیا بلکہ انہوں نے اپنے رویئے اور پیار سے ہمیں قابو کیا ہے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج کا دن پارلیمانی تاریخ کا سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نوید قمر سے بات کر رہے تھے تو پی ٹی آئی کے ارکان نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی، ایوان میں لگے کیمرے اس کے گواہ ہیں، یہ اتفاقیہ حادثہ نہیں بلکہ پی ٹی آئی نے اس کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔

پہلے بھی شاہ محمود قریشی نے سپیکر کی چیئر سے بدتمیزی کی۔ مگر ہم نے ایوان کا ماحول بہتر کرنے کے لئے معذرت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی اور سپیکر چیمبر میں ہونے والی بات کا پاس نہیں رکھا گیا۔ شاہ محمود قریشی کے اشارے نازیبا اور غیر مہذب تھے۔ ان کا اصل چہرا سامنے آ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف صادق بھی ہیں اور امین بھی، ہمارے قائد نے کبھی جھوٹ نہیں بول،۔

ہم ایسے قائد کے پیچھے کھڑے ہیں جو غیبت سے نفرت کرتے ہیں، نواز شریف نے ہم جیسے سرکش لوگوں کو طاقت کے ذریعے قابو نہیں کیا بلکہ انہوں نے اپنے رویئے اور پیار سے ہمیں قابو کیا ہے، میرے والد تو کبھی اسمبلی نہیں گئے مگر اپنی جدوجہد کی وجہ سے خواجہ صفدر اور خواجہ رفیق کے نام زندہ رہیں گے۔ عمران خان کے نئے پاکستان کا منظر سوشل میڈیا پر دیکھا جا سکتا ہے، ایسی ایسی غلیظ گالی ایجاد کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ گالی کی جگہ نہیں یہ دلیل اور شائستگی کی جگہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کبھی یہ دھرنے دیتے ہیں، کبھی پارلیمنٹ کے جنگلے توڑتے ہیں، کبھی پی ٹی وی پر حملہ کرتے ہیں اور سپریم کورٹ کی دیوار پر گندے کپڑے لٹکاتے ہیں، یہ وہی پی ٹی آئی ہے ان کی قیادت ہر شرعی عیب میں ملوث ہے، پھر بھی یہ لوگوں پر تبرے بھیجتے ہیں۔ ہم بدتمیزی نہیں کر سکتے، الله نے ہمیں بولنے کا سلیقہ دے رکھا ہے۔

جب تک عمران خان کی تسلی نہیں ہو جاتی ہم بات کرتے رہیں گے۔ پہلے یہ نواز شریف کے خلاف بات کرتے تھے، اب ان کی صاحبزادی اور صاحبزادوں کے خلاف لڑتے لڑتے ہم تک آ گئے ہیں۔ پہلے انہوں نے آف شور کمپنیوں کی بات کی، پھر ان کے بھائی صاحب کی اپنی آف شور کمپنی نکل آئی۔ پھر انہوں نے الزام لگایا کہ حسین نواز شریف نے والد کو پیسے کیوں بھیجے۔ لوگ بیرون ملک محنت کر کے اپنے والدین کو رقم بھجواتے ہیں۔

عمران خان جلن اور حسد کا شکار ہیں اور وہ لاعلاج ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ تو آئے گا مگر عمران خان کو بتانا پڑے گا کہ وہ کتنی عدالتیں لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ کرنے والوں نے ابھی سوچا ہوگا کہ یہ کتنا بدزبان اور بدتمیز آدمی ہے۔ یہ شخص نیا پاکستان بنائے گا انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جو طوفان بدتمیزی برپا کیا ہے، اس کے خلاف ضرور کارروائی ہونی چاہئے۔ اس ایوان کا استحقاق پی ٹی آئی نے مجروح کیا ہے۔ نواز شریف نے کوئی غلط بیانی نہیں کی، ان کا یہاں عمومی بیان تھا، قومی اسمبلی سے زیادہ وضاحت کے ساتھ بیان عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات