لاہورہائیکورٹ نے 2 فروری کوہونیوالی 400 میٹرک ٹن ایل پی جی کی نیلامی روک دی

وزارت پٹرولیم، اوگرا اور پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ سے 30 جنوری کو جواب طلب

جمعہ 27 جنوری 2017 19:31

لاہورہائیکورٹ نے 2 فروری کوہونیوالی 400 میٹرک ٹن ایل پی جی کی نیلامی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2017ء) لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے ایل پی جی پالیسی پرعمل درآمد نہ کرنے کے حوالے سے دائر درخواست پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئی2 فروری کوہونیوالی 400 میٹرک ٹن ایل پی جی کی نیلامی روک دی اور وزارت پٹرولیم، اوگرا اور پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ سے 30 جنوری کو جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

عدالتی سماعت کے موقع پر درخواست گزار گولڈ گیس کمپنی کی طرف سے بیرسٹر سردار قاسم فاروق نے موقف اختیار کیا کہ پی پی ایل حکومتی قیمت سے زائد پر ایل پی جی کی نیلامی کر رہا ہے اور مہنگی قیمت پر دوبارہ 400 میٹرک ٹن ایل پی جی کا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے،درخواست گزار کے مطابق کمپنیاں مہنگی گیس خرید کر عام صارفین کو بھی مہنگی فروخت کرینگی، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان پٹرولیم ایل پی جی پالیسی کی کھلے عام خلاف ورزی کر رہا ہے۔

عدالت نے ایل پی جی پالیسی پر عملدرآمد نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری پٹرولیم سے ایل پی جی پالیسی پر عملدرآمد نہ کرنیوالے افسروں کیخلاف کارروائی کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔ عدالت نے وزارت پٹرولیم، اوگرا اور پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ سے 30 جنوری کو جواب طلب کر لیا۔(بخت گیر)