تھائی لینڈ میں آسمان کو چھوتے ایک ہزارفٹ بلند ٹاورکے دوسرے حصے کا افتتاح

ٹاور کی بالائی منزلوں تک پہنچنے کے لیے 27 جدید ترین لفٹس، عمارت کی سب سے منفرد بات اس کا لچکدار اور اچھوتا ڈیزائن ہے،کمپنی

ہفتہ 28 جنوری 2017 13:52

تھائی لینڈ میں آسمان کو چھوتے ایک ہزارفٹ بلند ٹاورکے دوسرے حصے کا ..

بینکاک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2017ء) تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کی بلند و بالا ’مہانکون‘ نامی ایک ہزار30فٹ بلند ٹاورکے دوسرے حصے کا افتتاح کردیاگیا،مہانکون ٹاور کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق یہ عمارت نہ صرف بینکاک بلکہ تھائی لینڈ کی بھی سب سے بلند و بالا عمارت ہے، اس میں 77 منزلیں ہیں، جب کہ اس ٹاور کی لمبائی 314 میٹر یعنی ایک ہزار 30 فٹ ہے۔

اس ٹاور کی بالائی منزلوں تک پہنچنے کے لیے 27 جدید ترین لفٹس لگائی گئی ہیں اور یہ خوبصورت عمارت 3.6 ایکڑ زمین کے رقبے پر بنی ہوئی ہے۔اس عمارت کو بنانے کا اعلان 2009 میں کیا گیا اور اسی سال عمارت کا ڈیزائن پیش کردیا گیا، جس کے بعد 2010 میں اس عمارت کی بکنگ کا آغاز ہوا، 2011 میں عمارت کی تعمیر شروع کی گئی جو مختصر عرصے کے دوران 2016 کے وسط تک مکمل کرلی گئی، تاہم اس عمارت کی تزئین کا کام آخری مراحل میں ہے۔

(جاری ہے)

عمارت کے تعمیراتی کام کے دوران ہی عمارت کا پہلا حصہ جسے ’مہانکون کیوب‘ کا نام دیا گیا ہے، 2014 میں کھول دیا گیا، جب کہ عمارت کے بالائی حصے کو بھی اگلے سال یعنی 2015 میں کھول دیا گیا۔اس دیدہ زیب عمارت میں رہائشی فلیٹ،ریسٹورنٹس، کارپوریٹ دفاتر،شاپنگ پلازہ، بیوٹی پارلر، بوتیک سینٹرز، مساج سینٹرز اور ڈانس کلب بھی ہیں، اس عمارت کی سب سے منفرد بات اس کا لچکدار اور اچھوتا ڈیزائن ہے۔یہ عمارت تھائی لینڈ کی مشہور کنسٹرکشن کمپنی پیس ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ایل سی) نے تعمیر کروائی، یہ بنکاک کے معروف علاقے راجن گرندرا روڈ پر واقع ہے، جہاں پہلے ہی خوبصورت عمارتیں موجود ہیں، اس عمارت کا ڈیزائن جرمن آرکیٹک اولے سچرین اور اس کے ساتھیوں نے تیار کیا۔

متعلقہ عنوان :