لاپتہ سماجی کارکن اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے پروفیسر سلمان حیدر واپس گھر پہنچ گئے

سلمان حیدر کو بھائی ذیشان حیدر کی موجودگی میں گھر پہنچایا گیا، پولیس نے بیان ریکارڈ کر لیا

ہفتہ 28 جنوری 2017 15:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جنوری2017ء) لاپتہ سماجی کارکن اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے پروفیسر سلمان حیدر واپس اپنے گھر پہنچ گئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق سلمان حیدر گذشتہ رات اپنے گھر پہنچے۔پولیس ذرائع کے مطابق لاپتہ پروفیسر سلمان حیدرگھر پہنچ گئے ،سلمان حیدر کو ان کے بھائی ذیشان حیدر کی موجودگی میں گھر پہنچایا گیا ، سلمان حیدر کو گزشتہ ماہ سات جنوری کو بنی گالہ سے نامعلوم افراد اپنے ساتھ لے گئے تھے اور ان کے لاپتہ ہونیکا مقدمہ تھانہ لوہی بھیر میں ان کے بھائی ذیشان حیدر کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا،سلمان حیدر کو نامعلوم مقام پر رکھا گیا تھا،ذرائع کے مطابق پولیس نے سلمان حیدر کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا۔

سلمان حیدر7 جنوری کو اسلام آباد کے علاقے بنی گالا سے لاپتہ ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

گمشدگی کے بعد سلمان حیدر کے بھائی ذیشان حیدر نے بتایا تھا کہ وہ 6 جنوری کی شام بنی گالا کے علاقے میں اپنے دوستوں کے ہمراہ موجود تھے اور انھوں نے اپنی اہلیہ کو اطلاع دی تھی کہ وہ رات 8 بجے تک گھر پہنچ جائیں گے، 10 بجے کے قریب اہلیہ نے انھیں فون کیا مگر انھوں نے فون ریسیو نہیں کیا۔

ذیشان حیدر کا مزید کہنا تھا کہ سلمان حیدر کے نمبر سے ان کی اہلیہ کو ایک ایس ایم ایس موصول ہوا کہ کورال چوک سے ان کی گاڑی لے لی جائے۔بعدازاں پولیس کو سلمان حیدر کی گاڑی کورنگ ٹاؤن کے قریب سے ملی تھی جبکہ تھانہ لوئی بھیر میں ان کے اغو ا کی رپورٹ درج کرلی گئی تھی۔ سلمان حیدر پیشے کے اعتبار سے استاد ہیں اور 5 سال سے زائد عرصے سے فاطمہ جناح یونیورسٹی سے منسلک ہیں، وہ ادب، تھیٹر میں اداکاری، ڈرامہ نگاری اور صحافت بھی کر چکے ہیں