موجودہ بحرانوں پر قابو پانے کیلئے پختونوں کااتحاد ضروری ہے ‘ قومی وطن پارٹی پختونوں کی یکجہتی،وسائل پر اختیار اور ان کی آواز کو مزید موثر بنانے سمیت ان کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے ‘پارٹی اپنی موثر جدوجہد کی بدولت پختونوں کیلئے ایک نئی صبح اور درخشاں مستقبل کیلئے نبردآزماہے

قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین وسینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپائوکا پارٹی عہدیداران کے اجتماع سے خطاب

ہفتہ 28 جنوری 2017 19:13

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جنوری2017ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین وسینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپائونے موجودہ بحرانوں پر قابو پانے کیلئے پختونوں کے اتحاد و اتفاق پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی یکجہتی،وسائل پر اختیار اور ان کی آواز کو مزید موثر بنانے سمیت ان کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور اس سلسلے میں پارٹی اپنی موثر جدوجہد کی بدولت پختونوں کیلئے ایک نئی صبح اور درخشاں مستقبل کیلئے نبردآزماہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گائوں شیرپائو میں کیو ڈبلیو پی ضلع چارسدہ کے پارٹی عہدیداران کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی ضلع چارسدہ کے تنظیمی امور اور سابق گورنر خیبر پختونخوا شہید وطن حیات محمد خان شیرپائو کی آنے والی برسی کی تیاریوں کامکمل جائزہ لیا گیا اور پارٹی کو ضلع میں تنظیمی لحاظ سے مزیدموثر جماعت بنانے سمیت حیات محمد خان شیرپائو کی آنے والی برسی جوش و جذبہ سے منانے کا فیصلہ کیا گیااور اجتماع میں ضلع کے کونے کونے سے پارٹی کارکن اور شہید لیڈر کے عقیدت مند شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سکندر شیرپائو نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ ہم متحدہوکر درپیش مسائل و مشکلات پر قابو پائے ۔انھوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن بدقسمتی سے پختونوں کو وفاقی حکومت کی طرف سے مایوسی کا سامنا ہے اور ان کے حقوق غصب کئے جارہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی یکجہتی اور وسائل پر مکمل اختیار چاہتی ہے اور اس ضمن میں ہر فورم پر جدوجہد کی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ شفاف مردم شماری اور قبائلی علاقوں کا خیبر پختونخوا میں جلد از جلد انضمام چاہتے ہیں تاکہ قبائیلی عوام کی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہو سکے اور وہ قومی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرسکے۔انھوں نے خیبر پختونخوا میں بھی لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجلی نظام کے اپ گریڈیشن کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پختونوں کی بے تحاشہ قربانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے انھیں ہر سطح پر ریلیف دیا جائے۔

سکندر شیرپائو نے حیات شہیدکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے جس عظیم مقصد کیلئے قربانی دی تھی ان کے نقش قدم پر چل کر ان کے مشن کو پورا کیا جائے گااور عظیم قائد کے سیاسی افکار کو اپنا کر محروم اورپسے ہوئے طبقات اور صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی ضلع چارسدہ کے چیئرمین و معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد خان عمرزئی،جنرل سیکرٹری ظفر علی خان،ممبران اسمبلی حاجی خالد خان،سلطان محمد خان اور قومی وطن پارٹی کے ضلعی،حلقہ اور یونین کونسل عہدیداران بھی موجود تھے۔