پاکستان علما کونسل نے امریکہ میں سالانہ پریئر بریک فاسٹ میں شرکت سے معذرت کرلی

ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلمانوں کیخلاف اقدامات امن کیلئے خطرہ ہیں،اس صورتحال میں کسی ایسی تقریب میں شریک نہیں ہوسکتا جس میں ڈونلڈ ٹرمپ شریک ہو، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

اتوار 29 جنوری 2017 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جنوری2017ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے امریکہ میں سالانہ پریئر بریک فاسٹ میں شرکت سے معذرت کرلی۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلمانوں کیخلاف اقدامات امن کیلئے خطرہ ہیں۔اس صورتحال میں کسی ایسی تقریب میں شریک نہیں ہوسکتا جس میں ڈونلڈ ٹرمپ شریک ہو۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پریئر بریک فاسٹ(National Prayer Breakfast) کے داعی جوہن بوزمان (John Boozman)اورکرسٹوفرکونز(Christopher Coons)کے نام اپنے ایک پیغام میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب اور طبقات کے درمیان مکالمہ اور بات چیت عالمی امن کیلئے ضروری ہے لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو اقدامات اٹھارہے ہیں اور جس طرح دہشت گردی کو اسلام سے جوڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان حالات میں سالانہ پریئر بریک فاسٹ (National Prayer Breakfast) میں شرکت کرکے عالم اسلام کے مسلمانوں اور امن کی خواہش رکھنے والے غیر مسلموں کو غمزدہ نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ سالانہ پریئر بریک فاسٹ(National Prayer Breakfast) میں اگر ڈونلڈ ٹرمپ کے شریک نہ ہونے کی یقین دہانی ہوتو وہ بین المذاہب ہم ٓہنگی اور امن کی کوششوں کو مضبوط کرنے کیلئے بریک فاسٹ میں شریک ہوسکتے ہیں ۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بعض اسلامی ممالک کے شہریوں پر پابندی عائد کرکے مسلم امہ میں اضطراب پیدا کردیا ہے۔

اسی طرح امریکی سفارت خانہ کو بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ امریکی قیادت کو اس پر فوری توجہ دینی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ شام میں خانہ جنگی اور بشار الاسد کی موجود گی کا ذمہ دار امریکہ اور روس ہے۔ آج شامی مہاجرین پر امریکہ کے دروازے بند کرکے شام کی عوام کے ساتھ ظلم عظیم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس کے اراکین ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات پر غور کریں اور ٹرمپ کے امن پسند اور مسلم دنیا کیخلاف اقدامات کو روکیں۔