گوربا چوف کی پالیسیوں نے جس طرح روس کے ٹکڑے کئے تھے ٹرمپ کی پالیسیاںبھی بہت جلد امریکہ کو لے ڈوبیں گی‘سراج الحق

سعودی عرب میں مکہ اور مدینہ ہیں جو ایک ارب مسلمانوں کی محبتوں اور عقیدتوںکے مراکز ہیں اور ان مراکز کی طرف کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو امت مسلمہ اس کی آنکھیں نکال دے گی‘امیر جماعت اسلامی

اتوار 29 جنوری 2017 18:10

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ میرا ایک ہی مطالبہ ہے کہ چور اور لٹیراچاہے اپوزیشن میں ہو یا حکومت میں اس کا احتساب ہو،اسی لئے میرے خلاف ایک محاذ کھڑا کردیا گیا ہے ، اگر یہی میرا جرم ہے تو میں اپنے جرم کا اعتراف کرتا ہوں اور جب تک ان لٹیروں کو جیلوں تک نہیں پہنایا جاتاان کے خلاف ہر محاذ پر لڑوں گا، کرپشن کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے سے پہلے بہت کوشش کی کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے کوئی نظام بن جائے ،ہم نے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے ٹی او آرز بھی دیئے اور مطالبہ کیا کہ پانامہ لیکس پر کوئی کمیشن بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرک میں پی ٹی آئی کے رہنما اور علاقے کی معروف سماجی و کاروبای شخصیت شبیرخان خٹک کے خاندان اوراپنے 350ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کے لئے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

شمولیتی جلسہ سے صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے بھی خطاب کیا۔انہوںنے کہاکہ حکومت نے اپوزیشن کے کسی مطالبے کو درخور اعتناء نہیں سمجھا اور ٹس سے مس نہیں ہوئی تو ہمارے پاس ایک ہی راستہ بچا تھا کہ قانونی چارہ جوئی کی جائے۔

کرپشن کے خاتمے کیلئے ہم نے پانامہ سکینڈل آنے سے بہت پہلے تحریک کا آغازکردیا تھا۔ہماری تحریک کے نتیجہ میں آج ملک کے کونے کونے میںکرپشن کے خلاف عوام اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اب یہ تحریک عوامی مطالبہ بن گئی ہے اور بہت جلد کامیابی سے ہمکنا رہوگی۔ اب چور لٹیروں کیلئے پناہ کی کوئی جگہ نہیں قومی خزانے کو لوٹنے والے کہیں بھی پہنچ جائیں انکا پیچھا نہیں چھوڑیں گے ۔

امید ہے پانا مہ کیس کا فیصلہ عوام کے حق میں ہوگا،اگر کرپش کے خاتمے اور20کروڑعوام کو ظلم و جبر سے بچانے کیلئے پانچ چھ ہزار لوگوں کی قربانی دینا پڑے تو یہ سودامہنگا نہیں، پاکستان اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ٹرمپ کی پالیسیاںبہت جلد امریکہ کو لے ڈوبیں گی،جس طرح گوربا چوف کی پالیسیوں نے روس کے ٹکڑے کئے تھے اسی طرح ٹرمپ کی انتہا پسندی امریکہ کے ٹکڑے کرے گی۔

ٹرمپ ہر روز عالم اسلام کے خلاف ایک نیا اعلان جنگ کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مکہ اور مدینہ ہیں جو ایک ارب مسلمانوں کی محبتوں اور عقیدتوںکے مراکز ہیں اور ان مراکز کی طرف کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو امت مسلمہ اس کی آنکھیں نکال دے گی اور جس طرح ابرھہ کو اللہ تعالی نے نیست و نابود کیا وہی حشر اس کے شاگردوں کا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ابرہہ بننے کی کوشش نہ کریں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل اسلامی انقلاب ہے ،اسلامی انقلاب چور لٹیرے نہیں لاسکتے اسلامی انقلاب کا نسخہ جماعت اسلامی کے پاس ہے ۔ اب عوام ملک میںنظام مصطفی کا نفاذ چاہتے ہیں جس میںعام آدمی کو بھی وہی حقوق حاصل ہونگے جو حکمرانوں کوحاصل ہیں ۔