کمالیہ،سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور کھلی ایل پی جی کی فروخت پر پابندی کے خلاف سینکڑوں شہری سلنڈر اور چولہے لیے سڑکوں پر نکل آئے

پیر 30 جنوری 2017 21:08

کمالیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جنوری2017ء) سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور کھلی ایل پی جی کی فروخت پر پابندی کے خلاف کمالیہ سینکڑوں شہری ہاتھوں میںسلنڈر اور چولہے لیے سڑکوں پر نکل آئے،لیبر قومی موومنٹ نے پریس کلب کمالیہ سے کلمہ چوک تک احتجاجی ریلی نکالی، مظاہرین نے حکومت اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے روڈ کو بلاک کردیا۔

تفصیل کے مطابق کمالیہ میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کھلی ایل پی جی کی عدم دستیابی کے خلاف سینکڑوں شہری ہاتھوں میں چولہے اور سلنڈر لیے سڑک پر نکل آئے ۔مطاہرین نے پریس کلب کمالیہ سے کلمہ چوک تک احتجاجی ریلی نکالی ۔ریلی کی قیادت تحصیل صدر لیبر قومی موومنٹ ملک عبدالمجید نے کی ۔ریلی کے شرکا نے حکومت اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کلمہ چوک پہنچ کر روڈ کو بلاک کردیا جس سے چیچہ وطنی اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کو جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی ۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا کہنا تھا کہ سارا دن میں صرف 2گھنٹے سوئی گیس فراہم کی جارہی ہے جس کی وجہ سے بچے بغیر ناشتے کے سکولوں میں جانے پر مجبور ہیں جبکہ پہلے گھر کا چولہا جلانے کے لیے کھلی ایل پی جی سلنڈروں میں بھروا لیا کرتے تھے لیکن اب ایل پی جی ایسوسی ایشن کمالیہ نے پچھلے چار روز سے پولیس گردی کی وجہ سے ہڑتال کی ہوئی ہے جس کی وجہ سے بے انتہا مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور غریب کے گھروں میں فاقے چل رہے ہیں۔مظاہرین نے دوگھنٹے تک روڈ کو بلاک رکھا اور شدید نعرے بازی کرتے رہے لیکن کسی بھی حکومتی عہدیدار نے مظاہرین نے مذاکرات کرنا گوارہ نا سمجھا جس پر مظاہرین خود ہی پرامن طور پر منتشر ہوگئے ۔

متعلقہ عنوان :