Live Updates

زبیر عمر کو سندھ کا نیا گورنر مقرر کردیاگیا ، وزیراعظم نے سمری صد ر کو بھجوادی ، جلد نوٹیفکیشن جاری ہوگا

فیصلہ وزیر اعظم اور صدر مملکت مابین ہونے والی ملاقات میں اسحاق ڈار نے وزیر اعظم کو زبیر عمر کو سندھ کا نیا گورنر مقرر کرنے کی تجویز دی تھی ، زبیر عمر کی بھی تصدیق، تقریب حلف برداری جمعرا ت کو ہوگی محمدزبیر عمر، اسد عمر کے بھائی ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ہمراہ بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں، امریکہ کی معروف آئی ٹی کمپنی آئی بی ایم کے ساتھ26سال تک وابستہ رہے ، پیرس ، روم ، میلان اور دبئی میں بھی فرائض سر انجام دیئے ،ا یم بی اے کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے صدر ممنون حسین سابق سینیٹر قطب الدین کو گورنر سندھ بنانے کے خواہشمند تھے

پیر 30 جنوری 2017 21:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 جنوری2017ء) وزیر مملکت،نجکاری کمیشن کے چیئرمین اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر کے بڑے بھائی محمد زبیر عمر کو سندھ کا نیا گورنر بنا دیا گیا ہے ، انہیں گورنر مقرر کرنے کا فیصلہ وزیر اعظم نواز شریف کی صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات میں کیا گیا جب کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم کو زبیر عمر کو سندھ کا نیا گورنر مقرر کرنے کی تجویز دی تھی جس سے وزیر اعظم نے اتفاق کر کے ان کے تقرر کا فیصلہ کیا،نئے سندھ کے گورنر کے تقرر کی ایڈوائس ایوان صدر بھجوا دی گئی ہے اور جلد نئے گورنر سندھ کا نوٹیفکیشن ہو جائے گا اس ضمن میں زبیر عمر نے بھی تصدیق کر دی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سابق چیف جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی کے انتقال کے باعث گورنر سندھ کا عہدہ خالی تھا اور ان کی جگہ زبیر عمر کو سندھ کا نیا گورنر بنایا گیا ہے حالانکہ صدر مملکت ممنون حسین نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ ان کے قریبی دوست خواجہ قطب الدین کو سندھ کا نیا گورنر بنایا جائے تاہم وزیر اعظم نے صدر کی خواہش کا احترام نہیں کیا اور سندھ کے حالات کے پیش نظر تاجر برادری سے قریبی تعلقات اور حکومتی میڈیا سیل میں متحرک کردار ادا کرنے کے باعث زبیر عمر کا انتخاب کیا ۔

(جاری ہے)

زبیر عمر، تحریک انصا ف کے رہنمااور رکن قومی اسمبلی اسد عمر کے بھائی ہیں اور وہ سابق دور حکومت میں پنجاب حکومت میں بھی وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے ہمراہ فرائض سر انجام دے چکے ہیں ۔نئے گورنر سندھ کی تقریب حلف برداری جمعرات کو گورنر ہائوس کراچی میں ہو گی ۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ نئے گورنر سے حلف لینگے ۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ ، قائم مقام گورنر آغا سراج درانی اور دیگر اہم شخصیات شرکت کرینگی ۔

زبیر عمر 1981 سے 2007 تک امریکہ کی معروف آئی ٹی کمپنی آئی بی ایم کے ساتھ وابستہ رہے ۔ وہ پیرس ، روم ، میلان اور دبئی میں بھی فرائض سر انجام دیتے رہے ۔ 26 سال تک وہ آئی بی ایم کے ساتھ وابستہ رہے اور چیف فنانشل آفیسر کے عہدے تک پہنچے ۔ انہوں نے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹر ڈگری تک تعلیم حاصل کر رکھی ہے ۔ زبیر عمر اوور سیز انویسٹر چیمبرز آف کامرس انڈسٹری کے ساتھ 2004-07 تک وابستہ رہے ۔ …(م د )
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات