Live Updates

پانامہ کیس آخری مراحل داخل ہوتے ہی عمران خان حواس باختہ ہوگئے ،مریم اورنگزیب

وزیراعظم نے استثنیٰ مانگنا ہوتا تو عدالت ہی نہ جاتے ، یہ کام تو عمران خان نے الیکشن کمیشن میں کیا، وزیر مملکت

منگل 31 جنوری 2017 16:30

پانامہ کیس آخری مراحل داخل ہوتے ہی عمران خان حواس باختہ ہوگئے ،مریم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جنوری2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف نے استثنیٰ مانگنا ہوتی تو خود کو سپریم کورٹ کے سامنے پیش نہ کرتے ،عمران خان نے الیکشن کمیشن سے استثنی مانگا، پانامہ کیس آخری مراحل میں داخل ہونے کے باعث عمران خان حواس باختہ ہو چکے ہیں ، وزیر اعظم نوازشریف پاناما پیپرز کا داغ صاف کر کے عوام میں جانا چاہتے ہیں۔

پاناما کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر شریف خاندان نے یہ تسلیم نہ کیا ہوتا کہ لندن فلیٹس ہمارے ہیں تو کیس سپریم کورٹ میں نہ چل رہا ہوتا ، عمران خان کے جھوٹے الزامات کا جواب دینا ہمارا فرض ہے ۔ 2018میں نوازشریف اس داغ کو لیکر عوام میں نہیں جانا چاہتے ،عمران خان نے الیکشن کمیشن سے استثنی مانگا،عمران خان اپنی بے نامی جائیداد کا جواب نہیں دیتے۔

(جاری ہے)

پاناما کیس آخری مراحل میں داخل ہو رہا ہے تاہم پاناما کیس کا فیصلہ آنے تک عمران خان حواس باختہ ہو جائیں گے ،وزیر اعظم نے استثنی مانگنا ہوتا تو عدالت سے کیس شروع کرنے کا نہ کہتے،عمران خان اب اپنا مذاق بنانا چھوڑ دیں۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ موجودہ وزیر اعظم اپنے تمام تر اختیارات ہونے کے باوجود والد اور بچوں کا حساب دے رہے ہیں اور عمران خان کے جھوٹے الزامات کا مقابلہ کر رہے ہیں ۔

عمران خان جھوٹے الزامات کی بنیاد پر الیکشن کمیشن جاناچاہتے ہیں ۔وزیر اعظم نے سپریم کورٹ میں اپنے مرحوم والد اور بچوں کا حساب دیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف پاناما پیپرز کا داغ صاف کر کے عوام میں جانا چاہتے ہیں اور وہ یہ کام عمران خان کیلئے نہیں بلکہ پاکستانی عوام کیلئے کر رہے ہیں تاکہ کسی کو کوئی شک نہ رہے ۔عمران خان سمجھتے ہیں ان کیلئے قانون اوردوسروں کیلئے قانون اورہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ہیلتھ اور تعلیم کے منصوبے پورے کررہے ہیں ، بجلی بحران کا بھی بڑی حد تک خاتمہ ہوچکا ہے اس لئے اب عمران خان کو اپنی سیاست ختم ہوتی نظر آرہی ہے ۔اس موقع پر طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں گالی گلوچ کی سیاست عمران خان نے ہمیں سکھائی ہے ہماری زبان عمران خان نے کھلوائی ہے ، تحریک انصاف والوں کو چھوٹے بڑے کی کسی نے تمیز ہی نہیں سکھائی مگر اب ہم عمران خان اینڈ کمپنی کو تمیز سکھا ئیں گے ۔

انہوں نے عمران خان سے سوال کیا کہ امریکی عدالت نے ان کا ڈی این اے ٹیسٹ کیوں کروایا تھا اور عمران خان اس سوال کا بھی جواب دیں کہ ان کے باپ کو نوکری سے کیوں نکالا گیا تھا عمران خان نے اپنے بچوں کا حساب نہیں دیا ،عمران خان کو مریم نواز پر ترس کھانے کی ضرورت نہیں بلکہ وہ ترس اس بیٹی پر کھائیں جس کو اس کاوالد تسلیم نہیں کرتا ۔مریم نواز لوگوں کے دلوں میں رہتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ڈی این اے ٹیسٹ ہوا تو وہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ۔طلال چوہدری نے کہا کہ جہانگیرترین بھی رنگے ہاتھوں پکڑے گئے اس لئے عمران خان کو کوئی حق نہیں کہ جھوٹے الزامات وزیراعظم اور ان کے بچوں پر لگائیں۔انہوں نے کہاکہ استثنیٰ حاصل ہونے کے باوجود وزیراعظم تین نسلوں کا حساب کتاب دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان جس زبان میں ہمارے خلاف بات کریں گے اب ہم بھی انہیں ویسی ہی زبان میں جواب دینگے ۔

انہوں نے کہاکہ میں عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں کہ کالا دھن آپ نے سفید کروایا ، عطیات کے پیسے تک کھا گئے ۔عمران خان اور جہانگیر ترین مجھے چیلنج کریں ،ہم آپکی تمام چیزوں سے پردہ ہٹائیں گے ۔کسی کے والد اوربیٹی پر بات کرتے ہوئے سو بار شوچیں وورنہ اسی طرح کے سواالات کا سامان کرنا پڑیگا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات