ایران اور پاکستان کے عوام موسیقی کی زبان میں محبت کے فروغ اور تبادلے کیلئے بات کرتے ہیں جو خوشی کی بات ہے،پروڈکشن، براڈ کاسٹنگ اور کلچر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا انقلاب ایران کی 38 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں منعقدہ تقریب سے خطاب

منگل 31 جنوری 2017 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پروڈکشن، براڈ کاسٹنگ اور کلچر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے انقلاب ایران کی 38 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے تاریخ میں پہلی مرتبہ پروڈکشن، براڈ کاسٹنگ، صنعت و ثقافت کے فروغ کیلئے پالیسی وضع کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں اور اس کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کیلئے کہا۔

مریم اورنگزیب نے انقلاب ایران کی 38 ویں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام موسیقی کی زبان میں محبت کے فروغ اور تبادلے کیلئے بات کرتے ہیں جو خوشی کی بات ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا کے ممالک میں یہ ایسا وقت ہے کہ وہ قومی اثاثہ جات، موسیقی، فن، پروڈکشن اور نشر و اشاعت کے ذریعے اپنے تعلقات کو مستحکم کرنے کی بات کرتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ ہفتے انہوں نے ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست سے ملاقات میں دونوں ممالک کے عوام کو تہذیب تمدن، قومی ورثہ، فن، موسیقی سمیت ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے نئی جہتیں تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت نے پہلے ہی مارچ 2016ء میں ایران کے صدر حسن روحانی کے دورہ پاکستان کے موقع پر دونوں ممالک کے مفاد میں کئی معاہدوں پر دستخط کئے ہیں، میں نے ایران کے سفیر سے ملاقات میں فنکاروں اور نوجوانوں کے ایک دوسرے ممالک میں وفود کے تبادلے پر بھی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں جانب کے نوجوانوں کو سٹریٹجک تعلقات سے کیسے آگاہ کیا جا سکتا ہے، اس سلسلے میں بھی ایرانی سفیر سے ملاقات میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایران سے نتیجہ خیز تعلقات پر یقین رکھتی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ دونوں ممالک کے فنکاروں اور فلم پروڈیوسرز کے تبادلے پر بھی بات کی گئی تاکہ ان کے تبادلے سے دوطرفہ تجربات سے استفادہ کیا جا سکے اور دونوں ملکوں کیلئے پروڈکشن فائدہ مند ثابت ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے عوام ایک دوسرے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی پاکستان نے پارلیمانی دوست گروپ قائم کر رکھا ہے جس میں ایران ان ممالک میں شامل ہے جس کے ساتھ پاکستانی پارلیمنٹیرینز دوستی کیلئے رجسٹرڈ ہیں، جس سے ایران کیلئے پاکستانی پارلیمنٹیرینز کی محبت، دوستی اور بھائی چارے کا ثبوت فراہم ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قومی شاعر علامہ محمد اقبال پاکستان کے ساتھ ساتھ ایران میں بھی یکساں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی حکومت نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے اقدامات میں پاکستان کی بہت زیادہ مدد کی، جس سے ایران کو بھی دہشتگردی کے خاتمہ میں بہت زیادہ فائدہ ہو رہا ہے۔ ایران کے سفیر ثقافتی قونصلر شہاب الدین دربئی، پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے ڈائریکٹر جنرل سید جمال شاہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔