ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلوں کے خلاف امریکی عوام احتجاج ، یورپی ممالک تنقید کررہے ہیں،امیر حیدر ہوتی

جمعرات 2 فروری 2017 13:44

ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلوں کے خلاف امریکی عوام احتجاج ، یورپی ممالک تنقید ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما رکن قومی اسمبلی امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 7 مسلم ممالک کی عوام پر پابندی کے فیصلے کو واپس لینا ہوگا۔ بھارت طاقت کے ذریعہ کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو دبا نہیں سکتا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا میں خود امریکی عوام ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلوں کے خلاف احتجاج کررہے ہیںجبکہ دوسرے یورپی ممالک بھی امریکی صدر پر مسلمانوں کے خلاف پابندی کے حوالے سے تنقید کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر کسی پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی ۔

امریکی صدر کو سات مسلم ممالک کے عوام پر پابندی لگانے کے فیصلے کو واپس لینا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے ذریعہ نہتے کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لئے آواز کو دبا نہیں سکتا۔ بھارت کو چاہئے کہ وہ کشمیر کے مسئلہ کا سیاسی و سفارتی حل کشمیریوں کی رائے کے مطابق نکالے۔