نیشنل جونیئر سنوکر ٹریننگ اینڈ کوچنگ کیمپ کے دوسرے سیشن کا آغاز ہو گیا، 10 کیوئسٹ حصہ لے رہے ہیں

جمعرات 2 فروری 2017 15:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2017ء) پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس ای) کے زیر اہتمام نیشنل جونیئر سنوکر ٹریننگ اینڈ کوچنگ کیمپ کے دوسرا سیشن پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہو گیا، کیمپ میں 10 کیوئسٹ حصہ لے رہے ہیں۔ کیمپ کا پہلا سیشن اکتوبر 2016ء میں منعقد ہوا تھا۔

(جاری ہے)

پی بی ایس اے کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جونیئر انڈر 18 اور انڈر 21 کیوئسٹس کا ٹریننگ اینڈ کوچنگ کیمپ شروع ہو گیا ہے، شہرہ آفاق ایرانی کیوئسٹ اور آئی بی ایس ایف سنوکر چیمپئن سہیل وحدی کیوئسٹ کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کریں گے۔

کیمپ میں شریک کیوئسٹس میں حارث طاہر، محمدنسیم اختر، شیخ مدثر، محمدماجد علی، عبدالجاوید، عمرفاروق، سعودخان، عبدالرحیم، محمدثاقب اور محمدرفیق شامل ہیں۔ پی بی ایس اے حکام نے بتایا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی نگرانی میں یہ کیمپ منعقد کیا گیا ہے اور وہی اسے سپانسر بھی کر رہا ہے جس پر ہم پی ایس بی کے ڈائریکٹر جنرل اخترنواز گنجیرا، نومنتخب ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، ٹیکنیکل اینڈ ٹریننگ محمدشاہد اسلام، ڈائریکٹر نیشنل فیڈریشنز پی ایس بی محمداعظم ڈار کے شکر گزار ہیں۔ کیمپ 15 فروری کو اختتام پذیر ہو گا۔

متعلقہ عنوان :