پولیس اور حساس اداروں کی مشترکہ کاروائی ، چارسدہ کو بڑی تباہی سے بچا لیا

ٹی ٹی پی فضل اللہ گروپ سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد گرفتار تین عدد خود کش جیکٹ،15کلو بارودی مواد،راکٹ لانچر، ماٹر گولے ،بھاری مقدار میں اسلحہ اور بم دھماکوں میں استعمال ہونے والے آلات برآمد چاروں دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری اور بم دھماکو ں کے مختلف واقعات میںپولیس کو مطلوب تھے ،سکیورٹی حکام

جمعرات 2 فروری 2017 18:02

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 فروری2017ء) پولیس اور حساس اداروں کی مشترکہ کاروائی ، چارسدہ کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ ٹی ٹی پی فضل اللہ گروپ سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گرد گرفتار۔ تین عدد خود کش جیکٹ،15کلو بارودی مواد،راکٹ لانچر، ماٹر گولے ،بھاری مقدار میں اسلحہ اور بم دھماکوں میں استعمال ہونے والے آلات برآمد۔ چاروں دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری اور بم دھماکو ں کے مختلف واقعات میںپولیس کو مطلوب تھے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد خان نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو اطلاع ملی کہ چند دہشت گرد کسی بڑی کاروائی کی نیت سے شہر میں داخل ہوئے ہیں جس پر ڈی پی او چارسدہ نے ایک حصوصی ٹیم تشکیل دی، حصوصی ٹیم میں پولیس اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے شبقدر کے علاقہ میچنئی میں چھاپہ مار کر ٹی ٹی پی فضل اللہ گروپ سے تعلق رکھنے والے نوید اللہ ولد معویذ خان سکنہ بیلہ مہمندان ، اختشام ولد مآب علی خان قلعہ شاہ بیگ، ثاقب خان ولد ممتاز خان باڈی کورونہ اور نوید سکنہ شبقدر کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کی نشان دہی پر پڑانگ قبرستان سے تین عدد خود کش جیکٹ، 15 کلو بارود، پرائما کارڈ 70گز، ریموٹ ریسور6عدد، بال بیرنگ،نٹ بولٹ7کلو، بنڈل وائر 4عدد، ڈیٹونیٹر7عدد، ایس ایم جی 3عدد، راکٹ لانچر، مارٹر گولے ، کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ڈی پی او چارسدہ نے کہا کہ ابتدائی معلومات میں دہشت گردوں نے انکشاف کیا کہ وہ عنقریب پولیس کی وردیوں میں خودکش حملہ آوروں کے ساتھ چارسدہ میں بڑی کاروائی کرنے والے تھے اس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کی گئی ہے جسکو پولیس اور حساس اداروں کے کاروائی نے ناکام بنادیا ہے۔

چاروں دہشت گردوں نے 2014میں پولیس وین پر ریموٹ بم حملہ کیا تھا جس میں 6پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے جبکہ دہشت گرد ایچ سی سجاد، ایچ سی ظاہر شاہ اور صوابی کورٹس میں وسیم جان کی ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف ٹارگٹ کلنگ بم دھماکوں اور بھتہ خوری کے واقعات میں پولیس کو مطلوب تھے، ڈی پی او چارسدہ نے کہا کہ چارسدہ کہ تاریخ میں یہ ایک بڑی کاروائی ہے جس پر پولیس اور حساس اداروں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں۔ اس موقع پر ڈی ایس پی چارسدہ نذیر خان ، ایس ایچ او گل مالک خان ، ایس ایچ او ولایت خان اور دیگر پولیس آفسران بھی موجودتھے۔