امام کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کا حرم کعبہ اور حرم مسجد نبویؐ میں سیرت چیئر قائم کرنے کا فیصلہ

سیرت چیئر کے قیام کے بعد جید علمائے کرام مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف میں مستقل طور پر عقیدہ ختم کے حوالے سے لیکچرز دیں گے جو تحریک تحفظ ختم نبوت کے لئے سنگ میل ثابت ہونگے

جمعرات 2 فروری 2017 18:17

امام کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کا حرم کعبہ اور حرم مسجد نبویؐ میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2017ء) حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اور امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے عقیدہ ختم نبوت کو اجاگر کرنے کے لئے حرم کعبہ اور حرم مسجد نبوی میں سیرت چیئر قائم کرنے کی خوشخبری سنادی ہے۔سیرت چیئر کے قیام کے بعد جید علمائے کرام مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف میں مستقل طور پر عقیدہ ختم کے حوالے سے لیکچرز دیں گے جو تحریک تحفظ ختم نبوت کے لئے سنگ میل ثابت ہونگے۔

انہوں نے یہ بات انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کے نو منتخب امیر ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ کو مبارکباد دیتے ہوئی کہی۔انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اسلام کا بنیادی عقیدہ ہے اور انٹر نیشنل ختم نبوت ایک مبارک جماعت ہے ۔امام کعبہ نے ڈاکٹر سعیداحمد عنایت اللہ کو اس مقدس مشن کے لئے بھر پور تعاون کا بھی یقین دلایا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اپنے دفتر میں ڈاکٹر سعید سے ملاقات کے دوران امام کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کی خدمات کا کھلے دل سے اعتراف کیا اور جدوجہد جاری رکھنے کی تلقین کی۔

امام کعبہ نے اس موقع پر علما کی موجودگی میں ڈاکٹر سعید کا ہاتھ پکڑا اور انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کی مسند امارت سنبھالنے کا مشورہ دیا بھی دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا عبدالحفیظ مکی کے بعد آپ اس منصب کے اہل ہیں‘آگے بڑھیں اور مولانا مکی کا مشن اسی آب وتاب جاری رکھیں ہم آپ کے شانہ بشانہ ہو نگے۔امام کعبہ نے کہا کہ مسلمانوں کے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت میں ہے لہذا اسلامی تعلیمات کی پابندی کی جائے۔

انہوں نے اتحاد امت کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تفرقہ بازی چھوڑ دیں اور اللہ کی رسی کو مظبوطی سے تھام لیں یہی کامیابی کی کنجی ہے۔ڈاکٹر سعید احمدعنایت اللہ نے حرم مکہ اور حرم مسجد نبوی میں سیرت چیئر کے قیام کو خوش آئند پیشرفت قرار دیتے ہوئے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان اور امام کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ سیرت چیئر کے قیام کے بعد جید علمائے کرام مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف میں مستقل طور پر عقیدہ ختم کے حوالے سے لیکچرز دیں گے جو تحریک تحفظ ختم نبوت کے لئے سنگ میل ثابت ہونگے۔

متعلقہ عنوان :