جماعة الدعوة پر پابندی اور حافظ سعید جیسے خداترس محبت وطن،پابند صوم وصلوة کی نظربندی ‘38سے زائد افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کر کے وزیراعظم نواز شریف نے ہنود ویہود کے ساتھ اور بھارت کی خوشنودی کا ثبوت فراہم کردیا ہے

تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل وقانون ساز اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر غلام محی الدین دیوان کا بیان

جمعہ 3 فروری 2017 16:53

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 فروری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل وپارلیمانی لیڈر غلام محی الدین دیوان نے کہا ہے کہ جماعة الدعوة پر پابندی اور حافظ سعید جیسے خداترس محبت وطن،پابند صوم وصلوة کی نظربندی اور 38سے زائد افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کر کے مسلم لیگ ن کے سربراہ نام نہاد وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے ہنود ویہود کے ساتھ اور بھارت کی خوشنودی حاصل کرنے کا ثبوت فراہم کردیا ہے۔

انہوں نے کہا بھارت حافظ سعید کی سرگرمیوں کو مسلسل پاکستان کی بدنامی کے لیے استعمال کررہا ہے۔ جبکہ آزادکشمیر میں قائم کٹھ پتلی حکومت حافظ سعید کے نام کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر کے اپنا عرصہ اقتدار بڑھاناچاہتی ہے ۔

(جاری ہے)

حکمران خاندان پانامہ کیس میں تکنیکی اور قطری خطوط کا سہارا لے کر حقائق کوچھپانے کی کوشش کررہا ہے۔پاکستان تحریک انصاف قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کے لیے اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کا لائے گی۔

غلام محی الدین دیوان نے کہا کہ آزادکشمیر میں قائم کٹھہ پتلی حکومت ٹرمپ اور پاکستان آقائوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے تمام تر حدیں کراس کرچکی ہے اب عوام پر ایک بارپھر پیٹرول بم گراکر اور دیگر طریقوں سے لوٹنے کا منصوبہ زیر کار ہے۔پاکستان کو ویتنام اور افغانستان کی جنگوں سے سبق سیکھنا چاہیے ۔میاں نواز شریف اور اس کی کابینہ کا عوام کے خلاف جاری رویہ جمہوریت اور امن کے منافی ہے۔میاں نواز شریف کو امریکی خوش آمدانہ پالیسیاں ترک کرنا ہونگی بصورت دیگر پانامہ کے ساتھ ساتھ وحدت پاکستان اور وحدت کشمیر کو نقصان پہنچانے پر ملک گیر تحریک شروع کرینگے۔5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے ساتھ ساتھ ٹرمپ کے یاروں سے نجات کا دن بھی منائیں گے۔