بہاولپور، اقوام متحدہ کے مطابق 3کروڑ پاکستانیوںکو صاف پانی میسرنہیں ہے،شیخ عباس رضا

پانچ کروڑ 27لاکھ افراد صفائی کی بنیادی سہولتوں سے ہی محروم ہیں،سابق صدر چیمبر آف کامرس

جمعہ 3 فروری 2017 23:42

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 فروری2017ء) سابق صدر بہاولپورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شیخ عباس رضا نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ اقوام متحدہ کے ادارے یواین ڈی پی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تین کروڑ پاکستانیوںکوپینے کیلئے صاف پانی میسرنہیں جبکہ پانچ کروڑ 27لاکھ افراد صفائی کی بنیادی سہولتوں سے ہی محروم ہیں۔پینے کے لئے دستیاب صاف پانی کی شرح کاگراف مسلسل نیچے سے نیچے آرہاہے ۔

آلودہ پانی کے استعمال سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پانی ہرذی روح کی ضرورت ہے ، 90ء کی دہائی میں جتنافی کس کی شرح سے پانی دستیاب تھا آج اسکی شرح تقریبانصب رہ گئی ہے۔پینے کے صاف پانی کی سہولت ہرشہری تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے جس کونظر انداز کیاجارہاہے۔

(جاری ہے)

صاف پانی پروگرام متعلقہ اداروں کی غیرذمہ داری اورکوتاہیوں کی وجہ سے تاخیرکاشکارہوگیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کامسئلہ کسی ایک صوبے یاعلاقے تک محدود نہیں بلکہ ملک کے اکثرعلاقوں میں اس کی کمی کی شکایات موجودہیں جبکہ اکثر علاقوں میں پانی میں آرسینک پایاجاتاہے۔شیخ عباس رضا نے کہاکہ ضرورت اس امرکی ہے کہ حکومت اس حوالے سے بھرپورموثرکرداراداکرئے جبکہ عوام کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی کویقینی بنائے تاکہ عوام کوبیماریوں سے بچایاجاسکے۔