ملک بھر کی جیلوں میں قیدیو ں کے لئے اوپن یونیورسٹی کی مفت تعلیمی پالیسی کا آ غا ز

قیدیوں کو تعلیمی نیٹ میں لانے کے لئے داخلہ فار م اور پراسپکٹس ارسال جیلوں میں 1000سے زائد قیدی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کررہے ہیں، زیادہ سے زیادہ قیدیوں کو تعلیمی نیٹ میں لانا چاہتے ہیں، پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی

اتوار 5 فروری 2017 14:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 فروری2017ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے پاکستان بھر کی جیلوں میں مقید افراد کے لئے مفت تعلیمی پالیسی تشکیل دی ہے تاکہ سزا مکمل ہونے کے بعد وہ پرامن اور عزت کی زندگی گزارسکیں اور معاشرے کے لئے مفید شہری بن سکیں۔ یونیورسٹی کے شعبہ داخلہ نے ملک بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو بی اے سطح تک مفت تعلیم فراہم کرنے کے لئے داخلہ فارم اور پراسپکٹس تمام جیلوں کو ارسال کردئیے ہیں۔

یہ فارم تمام قیدیوں میں مفت تقسیم کئے جائیںگے۔ قیدیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ داخلہ فارم کو مکمل کرکے 6۔مارچ تک جمع کرائیں۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ،ْ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی قیدیوں کی تعلیم میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں ،ْ انہوں نے ملک بھر کے جیلوں میں مقید افراد کے لئے یونیورسٹی کے مفت تعلیمی منصوبے کے ذیل میں مزید سہولتوں کا اضافہ کیا ہے اور منصوبے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے انہوں نے بذات خود سینٹرل جیل راولپنڈی ،ْ لاہور ،ْ کوئٹہ اور ملتان کا دورہ کیا اور ہر جیل میں موجود قیدیوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں سلسلہ تعلیم شرع کرنے کی جانب راغب کرنے کی سنجیدہ کوشش کی ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شاہد صدیقی کے مطابق منصوبے کا اصل مقصد زیادہ سے زیادہ قیدیوں کو تعلیمی نیٹ میں لانا ہے تاکہ سزا مکمل ہونے کے بعد وہ پرامن اور عزت کی زندگی گزارسکیں اور معاشرے کے لئے مفید شہری بن سکیں۔ منصوبے کے تحت قیدیوں کو داخلہ فارم اور پراسپکٹس جیل کے اندر ہی مفت فراہم کئے جاتے ہیں اور ان کے لئے تدریسی ورکشاپس ،ْ ٹیوٹوریل میٹنگز اور فائنل امتحانات بھی جیل کی حدود کے اندر ہی منعقدکئے جائیں گے۔

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان کی مختلف جیلوں میں 1000سے زائد قیدی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کررہے ہیں اور ہم زیادہ سے زیادہ قیدیوں کو تعلیمی نیٹ میں لانا چاہتے ہیں۔قیدیوں کے مفت تعلیمی منصوبے پر عملدرآمدجیل حکام کے تعاون سے وفاقی محتسب کی فراہم کردہ گائیڈ لائن کے عین مطابق کیا جارہا ہے۔قیدیوں کے لئے ابتدائی سے اعلیٰ سطح تک کے تعلیمی پروگرامز کے ساتھ ساتھ مختلف پیشہ وارنہ کورسسز میں بھی مفت داخلے فراہم کئے گئے ہیں جبکہ خواتین قیدیوں کے لئے ووکیشنل/پیشہ ورانہ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فرا ہم کئے گئے ہیں۔

پوسٹ گریجویٹ سطح کے پروگراموں کی تدریسی ورکشاپس جیل کے اندر منعقد کی جائیںگی ،ْور کشاپس اور امتحانات کے دوران جیل کو "پرزنر سٹڈی سنٹر"قرار دیا جائے گا۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے مزید کہا کہ منصوبے کو مزید موثر بنانے کے لئے متعلقہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو رابطہ کار مقرر کیا جائے گا اور ان کو مناسب مشاہرہ بھی دیا جائے گا۔ جیل میں قیدیوں کے لئے جو اساتذہ تعینات کئے جائیں گے وہ رابطہ کار کے اسسٹنٹ کے طور پر کام کریں گے اور امتحانات کے دوران وہ سنٹر سپرنٹنڈنٹ کے طور پر کام کریں گے۔ ان کو بھی مناسب معاوضہ دیا جائے گا۔یونیورسٹی نے سینئر آفیسر ڈاکٹر ذاہد مجید کو فوکل فرسن مقرر کردیا ہے ،ْ مزید معلومات کے لئے ان سے ان کے فون نمبر 0321-6840501پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :