لیگی حکومت کی انتقامی کاروائیاں بام عروج پر پہنچ گئی،کنٹریکٹ ملازمین پر بجلی گرا دی

منگلا ڈیم ہائوسنگ اتھارٹی کے 30ملازمین کو بیک جنبش قلم سے فارغ ‘ متاثرہ ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے

اتوار 5 فروری 2017 16:20

اسلام گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 فروری2017ء) لیگی حکومت کی انتقامی کاروائیاں بام عروج پر پہنچ گئی،کنٹریکٹ ملازمین پر بجلی گرا دی ،منگلا ڈیم ہائوسنگ اتھارٹی کے 30ملازمین کو بیک جنبش قلم سے فارغ کر دیا گیا۔کنٹریکٹ ملازمین کی فراغت سے 30گھرانوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گے۔لیگی حکومت کی جانب سے گڈ گورننس کے نام پر جاری انتقامی کاروائیاں جلد ہی ان کے گلے کی ہڈی بن سکتی ہیں،فارغ ہونے والے ملازمین کا شدید احتجاج،حکومت پر کڑی تنقید،عدالتوں کا رخ کرنے کا اعلان۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں منگلاڈیم ہائوسنگ اتھارٹی میں بڑی تعداد میں کنٹریکٹ ملازمین بھرتی کیے تھے جس سے غریبوں کے چولہے جل رہے تھے لیکن ن لیگ کی حکومت قائم ہوتے ہی پیپلز پارٹی کے دور میں بھرتی کیے جانے والے سرکاری ملازمین اکھاڑ بچھاڑ سمیت ایڈہاک اور کنٹریکٹ ملازمین کی فراغت کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

3فروری کو منگلا ڈیم ہائوسنگ اتھارٹی (شعبہ ایڈمنسٹریشن ) کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا جس کے مطابق 30کے قریب کنٹریکٹ ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کر دیا گیا۔

جن میں گریڈ 1سے 14تک کے ملازمین شامل ہیں۔کنٹریکٹ ملازمین کی فراغت سے 30گھرانوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گے۔حکومت کی انتقامی کاروائیوں کی بدولت ن لیگ گراف تیزی سے نیچا گرتا جا رہا ہے اور انتقامی کاروائیاں کسی بھی وقت حکومت کے گلے کی ہڈی بن سکتی ہیں۔فارغ ہونے والے ملازمین نے حکومت کے خلاف کمر کسنے کی ٹھان لی ہے اور بھرپور احتجاج سمیت عدالتوں میں جانے کا اعلان بھی کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :