مریدکے، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جمعیت اہلحدیث یوتھ ونگ ، جماعة الدعوة، جماعت اسلامی اور دیگر تنظیموں کا احتجاج،ریلیاں ،بھارت کیخلاف نعرے بازی

اتوار 5 فروری 2017 17:10

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 فروری2017ء) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جمعیت اہلحدیث یوتھ ونگ ، جماعة الدعوة، جماعت اسلامی اور دیگر تنظیموں نے جی ٹی روڈ پر ریلیاں نکالیں اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کو ظلم و جارحیت فوری روکنے کا پیغام دیا۔ جمعیت اہلحدیث کی طرف سے بہت بڑی ریلی چاہل گارڈن سے نکالی گئی جو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کراسنگ سے ہوتی ہوئی جی ٹی روڈ کشمیر چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

جمعیت اہلحدیث کے ضلعی امیر حافظ عطاء الرحمان عامر، یوتھ ونگ کے امیر بابر سلفی کی قیادت میں نکالی جانے والی ریلی میں چیئر مین بلدیہ مریدکے میاںشبیر احمد، کونسلر سید اعجاز الحسن شیرازی، کمبوہ ویلفیئر سوسائٹی مریدکے کے صدر چودھری ظہیر احمد کمبوہ، مریدکے پریس کلب کے عبد المجید چوہان، سید سجاد الحسن شیرازی، سید قاسم علی شاہ ، سمیت علاقہ کئی دیگر اہم شخصیا ت نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

جماعة الدعوة پاکستان اور جماعت اسلامی مریدکے کی طرف سے بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں جن میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ غیر جانبداری کا مظاہر ہ کرتے ہوئے کشمیروں کو استصواب رائے کا حق دے اور بھارتی افواج کے ظلم اور بربریت کو ختم کرے۔ مظاہرین نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہو گا او ر کشمیر سمیت بھارت کے کئی علاقوں پر مسلمانوں کی حکومت ہو گی۔جماعت اسلامی کی ریلی کی قیادت صداقت علی صداقت نے کی۔