بارش سے متاثرہ افراد کی داد رسی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، امیر حیدر ہوتی

اتوار 5 فروری 2017 18:41

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 فروری2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی اور جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے حالیہ بارشوں اور طغیانی سے ہونے والے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونیوالے افراد کیلئے مغفرت اورزخمیوںکی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت کی وجہ سے قومی و ذاتی املاک کو نقصان پہنچنا افسوس ناک ہے۔

تاہم صوبائی حکومت کو اپنی تمام توجہ متاثرین کو فوری امداد بہم پہنچانے کیلئے مرکوز کرنی چاہئے ، انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے ذاتی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے دکھ کی اس گھڑی میں تمام غیر سرکاری تنظیموں کو بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے تا کہ متاثرین کی داد رسی ہو سکے اور جس حد تک ممکن ہو سکے ان کی امداد کی جائے ،انہوں نے کہا کہ کوئی بھی دوسری چیز انسانی جانوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتی تاہم انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کی فوری طور پر مالی امداد کی جائے ،اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں ، انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی امداد کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں ، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو دیگر نان ایشوز کی بجائے مصیبت کی اس گھڑی میںبارشوںسے متاثر ہونے والے عوام کی آباد کاری اور ضروریات زندگی بہم پہنچانے کیلئے کام شروع کرنا چاہئے ۔

(جاری ہے)

سردار حسین بابک نے صوبائی حکومت سے نقصانات کا فوری طور پر جائزہ لینے ، تخمینہ لگانے اور متاثرین کے ساتھ فوری امداد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو حالیہ بارشوں کی وجہ سے ممکنہ نقصانات اور سیلاب کی صورتحال کیلئے الرٹ رہنا چاہئے اور تمام تر توجہ ممکنہ حادثات سے نمٹنے پر مرکوز رکھنی چاہئے۔