اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک کی قیادت میں وفد کا بلیو ایریا مارکیٹ کا دورہ

سی ڈی اے انڈر پاس اور پارکنگ سمیت بلیو ایریا کے تمام مسائل حل کرنے پر توجہ دے ، صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس

پیر 6 فروری 2017 18:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2017ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک کی قیادت میں ایک بڑے وفد نے بلیو ایریا مارکیٹ کا دورہ کیا اور علاقے کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔ وفد میں چیمبر کے سینئر نائب صدرخالد ملک، نائب صدر طاہر ایوب، چیئرمین فائونڈر گروپ خالد جاوید، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر عبدالرئوف عالم، چیمبر کے سابق صدور طارق صادق اور محمد اعجاز عباسی سمیت خالد چوہدری، اشتیاق قریشی، سیف الرحمٰن اور دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر تاجر برادری کی کثیر تعداد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ چیمبر کے سب سے زیادہ ممبران کا تعلق بلیو ایریا سے ہے اور ان کے مسائل کو اپنے مسائل سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

میٹرو بس ٹریک کی تعمیر کے دوران بلیو ایریا میں انڈر پاس کی سہولت فراہم نہیں کی گئی جس وجہ سے تاجر برادری سمیت عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارکنگ میسر نہ ہونے کی وجہ سے بھی گاہکوں نے مارکیٹ کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے لہذا انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے اور میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز سے مطالبہ کیا کہ وہ انڈر پاس اور پارکنگ سمیت بلیو ایریا کے تمام مسائل حل کرنے پر توجہ دیں۔ فیڈریشن کے سابق صدر عبدالرئوف اور چیئرمین فائونڈر گروپ خالد جاوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک جمہوری عمل سے الیکشن میں ان کے گروپ کو کامیابی ملی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلیو ایریا کی نومنتخب یونین کواسلام آباد چیمبر آف کامرس کا مکمل تعاون حاصل ہے جبکہ اس شاندار انتخاب پر مارکیٹ کے ووٹز بھی مبارک باد کے مستحق ہیں۔ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، بلیو ایریا کے نومنتخب صدر یوسف راجپوت اور چیئرمین صغیر احمد ملک نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے شکر گزار ہیںکہ الیکشن میں چیمبر بالکل غیر جانبدار رہا اور مارکیٹ کے دکانداروں نے ہمیں خدمت کا موقع دیا۔

ہمارا تعاون چیمبر کے ساتھ ہے اور امید ہے کہ ہمارے مسائل حل کرانے میں چیمبر بھرپور تعاون کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلیو ایریا پاکستان کا سب سے بڑا بزنس ٹریک ہے لیکن بے شمار مسائل سے دوچار ہے۔ انشاء اللہ کھویا ہوا تشخص بحال کرائیں گے۔ ایف پی سی سی آئی کے چیف کوآرڈینٹر ملک سہیل حسین ، جنرل سیکرٹری راجہ حسن اختر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :