ڈاکٹر محمد قاسم کا قتل ، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی پایا گیا ، سی ٹی ڈی نے دو دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا

26جنوری کو اسی چک میں دہشت گردوں کی آمد کی سراغ رسا اداروں نے نشاندہی کر دی تھی

پیر 6 فروری 2017 22:04

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2017ء) نواحی چک 5-76آر کے چوک میں ڈاکٹر محمد قاسم جنرل سیکر ٹری وحدت المسلمین ضلع ساہیوال کا قتل دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ پایا گیا جس پر سی ٹی ڈی ساہیوال نے دو نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور مقدمہ کی تفتیش سی ٹی ڈی نے شروع کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر محمد قاسم کو گھر سے نامعلوم موبائل کال پر بلا کر چک کے چوک میں دو موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ٹارگٹ کرکے قتل کر دیا تھا اور موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے تھے دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ سراغ رسا اداروں نے 26جنوری کو دو دہشت گردوں کے چک 5-77آر اورچک 5-76آر میں مبینہ سرگرمیوں اور ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود پولیس نے احتیاطی تدابیر نہ اختیار کیں ۔

ہنڈا موٹر سائیکل پر سوار ان دو دہشت گردوں نے بلوچی ٹوپیا ں پہن رکھی تھی اور سفید جوگر کے بارے میں رپورٹ کی گئی تھی لیکن دہشت گردوں نے مذہبی لیڈر کو نشانہ بنا ڈالا ۔ سی ٹی ڈی نے لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد کر دی اور مقدمہ -302ت پ اور 7انسداد دہشت گردی ایکٹ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے ضلع ساہیوال کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :