صوبہ اور پختونوں کے حقوق و تحفظ کو فرض اولین سمجھتے ہیں،سکندر حیات خان شیرپائو

ہمارا مشن پسماندگی ،غربت و افلاس اور بے روزگاری کا خاتمہ ہے،سینئر صوبائی وزیر کا تقریب سے خطاب

پیر 6 فروری 2017 22:19

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 فروری2017ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین وسینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپائونے کہا ہے کہ صوبہ اور پختونوں کے حقوق و تحفظ کو فرض اولین سمجھتے ہیں اور اس کازکویقینی بنانے کیلئے عملی کوششیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے سابق ممبر اسمبلی بابر علی خان کے حجرہ شبقدرضلع چارسدہ میں سابق گورنر خیبر پختونخوا شہید وطن حیات محمد خان شیرپائو کی آنے والی برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سکندر شیرپائو نے شہید لیڈر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے نہ صرف غریب اور پسے ہوئے طبقات میں سیاسی شعور اجاگر کیابلکہ انھیں اس قابل بنایا کہ وہ اپنے حق کیلئے آواز بلند کرسکے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہمارا مشن پسماندگی ،غربت و افلاس اور بے روزگاری کا خاتمہ ہے اوردنیا بھرمیںپختونوں کی امیج جوکہ امن پسند اور محب وطن ہے کوابھارنا ہے اور اس کاز کے حصول کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے حیات محمد خان شیرپائو شہید نے جام شہادت نوش کیا انھوں نے کہا کہ شہید لیڈر کی شہادت کے بعد غریب عوام کے حقوق کامشن پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپائونے جاری رکھا ہوا ہے اور بڑی کامیابی کے ساتھ اس مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عوام غربت و افلاس اور بے روزگاری کے خاتمے اوربنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے قومی وطن پارٹی کا ساتھ دے اور پارٹی قائدین کے ہاتھ مزید مضبوط کئے جائیں۔انھوںنے مردم شماری کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وسائل کی منصفانہ اور آباد کی بنیاد پر تقسیم کیلئے ضروری ہے کہ پورے ملک میں صحیح مردم شماری کرائی جائے۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں بجلی کے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کو یقینی بناتے ہوئے بجلی کے بوسیدہ اور پرانے ٹرانسمیشن اور تقسیم کے نظام کواپ گریڈ کیا جا ئے تاکہ صوبے میں ترقی کا پہیہ آگے بڑھ سکے۔انھوں نے کہا کہ پختون ملک کی دوسری بڑی آبادی ہیں اور انھوں نے قومی استحکام کیلئے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں لہٰذا ان کو جائز مقام دلانے کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔اجتماع سے قومی وطن پارٹی کے رہنماء اور سابقہ ممبر اسمبلی بابر علی خان،محمد جان گیگیانی اور حلقہ پی کی22کے چیئرمین محمد فیاض ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :