وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی سے اٹلی کے سابق نائب وزیراعظم لاپوسٹیلی کی ملاقات، باہمی تعلقات مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال

پیر 6 فروری 2017 22:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2017ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی سے اٹلی کے سابق نائب وزیراعظم اور ای این آئی کے سینئر نائب صدر لاپوسٹیلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی تعلقات مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تعلقات مستقبل میں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں مزید مستحکم ہوں گے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور نے معزز مہمان کو معیشت کی بحالی، توانائی بحران پر قابو پانے، لوگوں کی فلاح و بہبود اور سلامتی کیلئے حکومت کی پالیسیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے معزز مہمان کو حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران مختلف شعبوں بالخصوص توانائی اور بنیادی ڈھانچہ کی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور نے پاکستان میں اٹلی کی کمپنیوں کی سرمایہ کاری پر اطمینان ظاہر کیا۔ معزز مہمان نے حکومت کی سماجی و معاشی پالیسیوں کے مثبت اثرات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اٹلی کی مزید کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری دوست ماحول سے فائدہ اٹھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :