ْمعاشرے میں تمام بچوں کو یکساں تعلیمی وسائل کی فراہمی ہمارا عزم ہے ‘ رانا مشہود احمد خاں

پنجاب کو ماڈل تعلیمی صوبہ بنا یا جا رہا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب دنیا ہماری تعلیمی پالیسیوں کو فالو کرے گی

منگل 7 فروری 2017 18:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمدخاں نے کہا ہے کہ معاشرے میں تمام بچوں کو یکساں تعلیمی وسائل کی فراہمی ہمارا عزم ہے تا کہ کوئی بچہ غربت کی بنا پر تعلیم سے محروم نہ رہے، پنجاب کو ماڈل تعلیمی صوبہ بنا یا جا رہا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب دنیا ہماری تعلیمی پالیسیوں کو فالو کرے گی۔

یہ بات صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے بتایا کہ سکول ایجوکیشن کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے سنگاپور ، ملائشیا اور سری لنکا سمیت دیگر ممالک کے تعلیمی ماڈلز سے استفادہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اساتذہ کو ان کا با عزت مقام دلوائے گی کیونکہ ہمارے استاد اکیسویں صدی کے چینج میکر ہیں جو ملک کو تعلیم یافتہ قیادت مہیا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے اساتذہ کے سکیلز کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ ٹیچرز فائونڈیشن کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے تا کہ قرضوں کے حصول سمیت دیگر معاملا ت میں انہیں کسی مشکل کاسامنا نہ کرنا پڑے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ طلبا و طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ پنجاب کے سرکاری سکولوںکو جدیدتدریسی ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہاہے۔اس پراجیکٹ کے تحت سکولوں میں سمارٹ ڈیجیٹل بورڈ،سمارٹ لیبز، ٹیبلٹس اورملٹی میڈیا کلاس رومزمہیا کیے جا رہے ہیں۔ ان جدیدتدریسی آلات کی بدولت طالبعلموں کی تعلیمی کارکردگی میں مزید نکھار آئے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 2ہزار سرکاری سکولوں میں ٹیبلٹس اور سمارٹ بورڈ نصب کئے جا رہے ہیں ۔