مسلمانوں کے امریکا داخلے پر پابندی کے خلاف یہودی علما ء بھی میدان میں آ گئے،نیو یارک میں ٹرمپ کے خلاف مظاہرہ کرنے پر 20 ربی گرفتار، ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ارکان کا بھی احتجاج

منگل 7 فروری 2017 19:04

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 فروری2017ء) مسلمانوں کے امریکا داخلے پر پابندی کے خلاف یہودی علما ء بھی میدان میں آ گئے،نیو یارک میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مظاہرہ کرنے والے 20 ربی گرفتار کر لئے گئے، انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ارکان نے بھی احتجاج کیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سات اسلامی ملکوں کے شہریوں پر سفری پابندی کے صدر ٹرمپ کے متنازعہ فیصلے کے خلاف یہودی بھی اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکا بھر سے دو سو مذہبی رہنماں نے نیو یارک میں مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کولمبس کے علاقے میں ٹرمپ انٹرنیشنل کی عمارت کے سامنے سڑک پر دھرنا دیا اور ٹریفک بلاک کر دی جس پر پولیس نے بیس ربی گرفتار کر لئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا 1924 میں بھی تارکین وطن کا راستہ روکا گیا جس پر ہزاروں لوگوں کو جان سے ہاتھ دھونا پڑے۔ دوسری جانب نیویارک میں ہوم لینڈ سیکورٹی کے ہیڈکوارٹر کے سامنے ایمنیسٹی انٹرنیشنل اور دوسری انسانی حقوق کی تنظیموں کے ارکان نے بھی مظاہرہ کیا۔