سول سوسائٹی کے نمائندگان نے لاہور گریژن میں فوجیوں کے ساتھ دن گزارا

کوئیک ری ایکشن فورس کی جانب سے جنگی مظاہرہ اور ہتھیاروں کا استعمال اور فائرنگ کا مظاہرہ بھی دیکھا سول سوسائٹی کے ارکان نے پاکستان آرمی کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور مادر وطن کے دفاع کیلئے ان کے عزم کو سراہا

منگل 7 فروری 2017 22:34

راولپنڈی/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2017ء) سول سوسائٹی کے نمائندگان کے ایک گروپ نے لاہور گریژن میں فوجیوں کے ساتھ دن گزارا ۔پروگرام کا مقصد فوجی زندگی کے بارے میں سول سوسائٹی کے ارکان کو آگاہ کر نا اور پاکستان آرمی کی دفاعی صلاحیت پر ان کے اعتماد کو بڑھانا تھا ۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق دن کا آغاز سول سوسائٹی کے نمائندگان نے یادگار شہداء پرپھولوں کی چادر چڑھا کرکیا بعد ازاں انہوںنے کوئیک ری ایکشن فورس کی جانب سے جنگی مظاہرہ اور ہتھیاروں کا استعمال اور فائرنگ کا مظاہرہ بھی دیکھا گروپ کے ارکان نے فوج کے متعلق کور ہیڈ کوارٹرز میں مختصر بریفنگ کے بعد کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کیا ۔

پروگرام قصور کے قریب گنڈا سنگھ والا میں پاک بھارت مشترکہ چوکی پر پرچم اتارنے کی تقریب پر اختتام پذیر ہوا ۔سول سوسائٹی کے ارکان نے پاکستان آرمی کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور مادر وطن کے دفاع کیلئے ان کے عزم کو سراہا ۔