مسلم لیگ (فنکشنل)اور ایم کیوایم کے کچھ دھڑے جلد پرویز مشرف کے ساتھ مل جائیں گے،منظور وسان

ملک میں چوتھا الائنس بنانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن اس الائنس سے پیپلزپارٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے،وزیر صنعت و تجارت سندھ مارچ اور اپریل کے مہینوں میں اہم فیصلے ہونگے،پانامہ کیس کا فیصلہ آنے سے سیاسی گیم چینج ہوجائیگا،اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت

بدھ 8 فروری 2017 16:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (فنکشنل)اور ایم کیوایم کے کچھ دھڑے جلد پرویز مشرف کے ساتھ مل جائیں گے ۔ملک میں چوتھا الائنس بنانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن اس الائنس سے پیپلزپارٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔مارچ اور اپریل کے مہینوں میں اہم فیصلے ہوں گے ۔

پانامہ کیس کا فیصلہ آنے سے سیاسی گیم چینج ہوجائے گا۔آنیوالے انتخات میں مقابلہ مسلم لیگ (ن) ،پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف میں ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔منظور حسین وسان نے کہا کہ حکومت سندھ نے پرائس کنٹرول اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ سزاؤں اور جرمانوں میں بھی اضافہ کریں گے ۔

انہوںنے کہا کہ فنکشنل لیگ اب مرشد اور مرید کی پارٹی بن گئی ہے ۔پرویز مشرف کی قیادت میں ایک نئی جماعت بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ،جس میں مسلم لیگ (فنکشنل) اور ایم کیو ایم کے کچھ دھڑے شامل ہوںگے ۔اس جماعت سے پاکستان پیپلزپارٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔انہوںنے کہا کہ مارچ اور اپریل سرپرائز کے مہینے ہونگے،ان دو ماہ کے دوران اہم فیصلے ہوںگے ۔

پانامہ کیس کا فیصلہ آنے سے سیاسی گیم چینج ہوجائے گا۔منظور حسین وسان نے کہا کہ سارا کھیل سیاستدانوں کے ہاتھوں میں نہیں ہوتا کچھ اور قوتیں بھی ہوتی ہیں جو فیصلے کراتی ہیں۔مزارقائد پر قومی پرچم جلانے والوں کو نوازشریف نے حکومت میں شامل کیااورپولیس افسران کو کو قتل کرنے والوں کو اقتدار میں لایا گیا ۔عارضی طور پر لوگوں کو بچا کر رکھا جاتا ہے۔پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے والے جب بچائیں جائیں گے تو حالات ٹھیک کیسے ہونگے۔انہوںنے کہا کہ کراچی ماضی میں پیپلزپارٹی کا گڑھ رہا ہے ۔ہماری جماعت نے یہاں سے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے ۔آئندہ انتخابات میں کراچی میں اصل مقابلہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے درمیا ن ہوگا ۔