ایس این جی پی ایل اسلام آباد کے جنرل منیجر ڈسٹری بیوشن چوہدری اعجاز احمد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

تاجر و صنعتکار ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، گیس سے متعلقہ تمام مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، حکومت کے اقدامات کی وجہ سے ملک میں گیس کی فراہمی میں بہتری آئی ہے،چوہدری اعجاز احمد

بدھ 8 فروری 2017 18:16

ایس این جی پی ایل اسلام آباد کے جنرل منیجر ڈسٹری بیوشن چوہدری اعجاز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2017ء) سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) اسلام آباد کے جنرل منیجر ڈسٹری بیوشن چوہدری اعجاز احمد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر و صنعتکار ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے لہٰذا ان کے گیس سے متعلقہ تمام مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، کمرشل کنکشنز پر پابندی جلد ختم ہو جائے گی، اسلام آباد چیمبر آف کامرس جن ممبران کیلئے خط لکھے گا محکمہ ان کو فاسٹ ٹریک کی بنیاد پر گیس کا کنکشن فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ فاسٹ ٹریک کنکنش کی سہولت عام صارفین کیلئے بھی دستیاب ہے۔ چوہدری اعجاز احمد نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے ملک میں گیس کی فراہمی میں بہتری آئی ہے کیونکہ گیس کی دستیابی 1.4بلین کیوبک فٹ سے بڑھ کر 2 بلین کیوبک فٹ سے تجاوز کر گئی ہے اور حکومت بڑے منصوبوں کے ذریعے اس کو 3 بلین کیوبک فٹ تک لے جانے کی کوشش کر رہی ہے جس سے ملک میں گیس کی قلت کے مسائل کم ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں گیس صارفین کی تعداد 10لاکھ ہے اور گیس نقصانات صرف 7.7 فیصد تک ہیں جبکہ صنعتی شعبہ میں گیس چوری صفر ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس محکمہ گیس کی ریویو کمیٹی کیلئے اپنے نمائندگان کے نام بھیجے تا کہ مذکورہ کمیٹی کے اجلاس میں ان کو بھی مدعو کیا جائے جس سے تاجر برادری کی گیس سے متعلقہ شکایات کا بہتر ازالہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ صارفین گیس کمپریسر کے استعمال کی حوصلہ شکنی کریں جس سے سب کیلئے گیس کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ گیس ہیٹرز کا کم سے کم استعمال کیا جائے جس سے گیس کی قلت کم ہو گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے ان کو حل کرنے کیلئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے تاجر برادری کو درپیش گیس سے متعلقہ مسائل پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں صنعتی علاقوں میں گیس کا پریشر بہت کم ہے جس کی وجہ سے پیداواری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں لہٰذا محکمہ گیس اس مسئلہ کو فوری حل کرے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ گیس کے بورڈ میں چیمبر کو بھی مناسب نمائندگی دی جائے تا کہ پالیسی سازی کے عمل میں تاجر برادری کے مفادات کا بہتر تحفظ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آر ایل این جی گیس کیلئے ملک میں مزید ٹرمینل قائم کرے جس سے گیس کی فراہمی بہتر ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی و کمرشل کنکشن کی فراہمی کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے اور کاروباری اداروں کو گیس کنکشنز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں جس سے صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ گیس میٹروں کی ریڈنگ اور میٹر چوری کی وارداتوں کو روکنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی طرف سے گیس کے بل بالکل آخری تاریخوں میں موصول ہوتے ہیں لہٰذا محکمہ آخری تاریخ سے تقریبا ایک ہفتہ پہلے بل کی صنعتی و کاروباری اداروں اور گھروں میں فراہمی یقینی بنائے تا کہ صارفین کو بل جمع کرانے میں سہولت ہو۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک، خالد جاوید، طارق صادق، میاں شوکت مسعود، میاں وقاص مسعود، خالد چوہدری، شیخ عامر وحید، سید عادل انیس، چوہدری وحیدالدین، شوکت علی شیخ، محترمہ ناصرہ علی اور دیگر نے بھی گیس سے متعلقہ مختلف مسائل کو جنرل منیجر ایس این جی پی ایل کو آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں۔