گلگت بلتستان حکومت صوبے کیلئے مختص فنڈز سے تعمیری اور ترقیاتی کام جاری رکھے گی ، اقبال احسن

نئے پراجیکٹس پر کام کے لیے فنڈز کے حصول کے لئے وزیر اعلی گلگت بلتستان نے بہترین اقدامات کئے ہیں،صوبائی وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی

بدھ 8 فروری 2017 18:32

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2017ء) گلگت بلتستان حکومت صوبے کے لیئے مختص فنڈز کو ہر حال میں تعمیری اور ترقیاتی سرگرمیوں پر صرف کرنے کے لیئے کوشاں ہے، اس مالی سال میں بہترمنصوبہ بندی کے زریعے سکیموں کے لیئے جاری کردہ فنڈز کو استعمال میں لایا جائے گا۔ صوبائی وزیر اطلاعات ، منصوبہ بندی و ترقیات اقبال حسن نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ترقی کی رفتار کو تیز کرنے اور نئے پراجیکٹس پر کام کے لیے فنڈز کے حصول کے لئے وزیر اعلی گلگت بلتستان نے بہترین اقدامات کئے ہیں۔

اس سلسلے میں شغرتھنگ پاور پراجیکٹ کے لیئے وفاقی حکومت کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی خوش کن امر ہے ، صو بائی وزیر پلاننگ اقبال حسن نے کہا کہ ماضی میں حکومتوں کی عدم دلچسپی اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی کی بناء پر طویل عرصے سے التواء کا شکار شغر تھنگ پاور پراجیکٹ پر کام کا آغاز بہت جلد ہوگا جس سے علاقے میں توانائی کے بحران کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

سنٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کی جانب سے اس پراجیکٹ پر کام کے لیئے 9ارب سے زائد کی رقم فراہم کرنے کے لیئے سفارش کی گئی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ امن ،ترقی ،خوشحا لی اور اس خطے کے روشن مستقبل کے لیئے صوبائی حکومت اپنی بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ خطے میں تعمیری منصوبوں کے حوالے سے جتنے بھی اقدامت کئے جا رہے ہیں ان کا واضح مقصد بلاتفریق تمام اضلاع میں عوام کو سہولیات بہم پہنچانا ہے۔

وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی اقبال حسن نے مزید کہا کہ مخالفین سنجیدگی سے ترقی کے عمل کا مشاہدہ کریں اور بلاجواز تنقید کی بجائے سارے خطے کے مفاد میں حکومت کی کوششوں کو کھلے دل سے قبول کریں۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر حکومت کی جانب عوام کے فلاح کے لیئے تیز رفتار اور معیار اقداما ت سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیئے گمراہ کن پراپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جعلی اکاونٹس اور سکرین شاٹس کی مدد سے سازشیں کرنے والے افراد سے عوام آگاہ ہیں اور اس طرح کے اقدامات سے یہ عناصر اپنی رسوائی کا سامان خود پیدا کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :