فیصل بینک سولیٹائر پولو کپ، حبیب بینک نے ماسٹر پینٹس اور ڈائمنڈ پینٹس نے باڑیز کو شکست دیدی

بدھ 8 فروری 2017 19:29

فیصل بینک سولیٹائر پولو کپ، حبیب بینک نے ماسٹر پینٹس اور ڈائمنڈ پینٹس ..
لاہور۔8 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2017ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام فیصل بینک سولیٹائر پولو کپ کے دوسرے روز دو زبردست میچز ہوئے، پہلے میچ میں حبیب بینک /نیوایج نے ماسٹر پینٹس کو 5-4 سے جبکہ دوسرے میچ میں ڈائمنڈ پینٹس نے باڑیز کو 6-3 سے شکست دے دی۔تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں فیصل بینک سولیٹائر پولو کپ کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں۔

اس موقع پر لاہور پولو کلب کے صدرعرفان علی حیدر، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اعظم حیات نون، ثاقب خان خاکوانی ، ممبرز اور ان کی فیملیز کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

پہلے میچ میں حبیب بینک /نیوایج اور ماسٹر پینٹس کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا، ماسٹر پینٹس کی طرف سے دو چکروں میں تین گول کی برتری حاصل کرلی گئی مگر حبیب بینک /نیو ایج کی طرف سے زبردست کم بیک ہوا اور ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا، اس طرح حبیب بینک /نیوایج کی ٹیم 5-4 سے میچ جیت گئی، جیتنے والی ٹیم کی طرف سے تیمور علی ملک نے دو جبکہ حسام علی حیدر اور تیمور مواز خان نے ایک ایک گول سکور کیا جبکہ ڈیڑھ گول ان کو ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج ملا، ماسٹر پینٹس کی طرف سے اینڈرس کرسپو نے تین جبکہ صوفی محمد حارث نے ایک گول سکور کیا،دوسرے میچ میں ڈائمنڈ پینٹس نے زبردست میچ کے بعد باڑیز کو 6-3 سے ہرایا، باڑیز کی ٹیم کو آدھے گول کا ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج بھی حاصل تھا، ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے ثاقب خان خاکوانی نے تین جبکہ بلال حئی نے دو اور راجہ تیمور ندیم نے ایک گول سکور کیا،باڑیز کی طرف سے حمزہ مواز خان نے دو جبکہ ممتاز عباس نیازی نے ایک گول سکور کیا۔

متعلقہ عنوان :