حیات محمدخان شیرپائو نے سیاسی شعور بیدار کیا،سکندر حیات شیرپائو

بدھ 8 فروری 2017 20:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ حیات محمد شیرپائو شہید نے عوام میں بیداری اور سیاسی شعور اُجاگر کرنے کی پاداش میں جام شہادت نوش کیا لیکن اپنی سوچ سے ایسی تحریک برپا کی جس کی بدولت پختون قوم کے سیاسی ٹھیکداروں اور عالمی مفادات کی خاطر پختون قوم کو پسماند ہ رکھنے والوں سے قوم کو نجات دلائی اور اسی فکر انقلاب کی بدولت آج گلی کوچوں اور عوام کی دہلیز پر رہتے ہوئے عوامی خدمت کی سیاست کو شعار بنایا ہے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز شہادت وطن حیات محمد خان شیرپائو کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھاتے ہوئے موقع پر موجود علاقے کی عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہیدکے ایصال ثواب کیلئے ختم القران کا اہتمام بھی کیاگیا تھا اور اجتماعی دعا کرائی گئی جس میں دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے شہید کے بہی خواہوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور انہیں خراج عقید ت پیش کیا ۔

واضح رہے کہ شہید حیات محمد خان شیرپاء ایک منجھے ہوئے سیاستدان اور اس صوبے کے نوجوان گورنر تھے جنہیں 8فروری1975کو پشاور یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران بم دھماکے میں شہید کیا گیا تاہم اُ ن کی پُر خلوص خدمت اور ولولہ انگیز سیاسی جذبے اور خدمات کی وجہ سے عوام انہیں یاد رکھے ہوئے ہیں اور ہر سال ان کی برسی پر ہزاروں کی تعداد میں شرکت کرکے ان سے عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :