حکومت پنجاب کا مستحق فنکاروں کی مالی امداد کیلئے آرٹسٹ سوشل سپورٹ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ

�ستحق فنکاروں کی امداد کیلئے 50ملین روپے کی گرانٹ جاری کر دی، صوبائی وزیر اطلاعات وایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن

بدھ 8 فروری 2017 21:57

لاہور۔8 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2017ء) حکومت پنجاب نے فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی معاونت کیلئے آرٹسٹ سوشل سپورٹ سسٹم لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس مفید نظام کے تحت فنکاروں کی مالی وسماجی معاونت کی جائے گی تاکہ وہ کسی بھی مشکل صورتحال کا شکارنہ ہوں اور زمانے کی سختیوں کا شکار ہوئے بغیر فن کی خدمت کا مقدس مشن جاری رکھ سکیں، حکومت پنجاب نے 137رجسٹرڈ فنکاروں کی مالی امداد کیلئے 5 کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری کر دی ہے، رقم آئندہ 48گھنٹوں میں فنکاروں میں تقسیم کر دی جائے گی۔

یہ بات صوبائی وزیر اطلاعات وایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے الحمرا آرٹس کونسل کے کمیٹی روم میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری انفارمیشن راجہ جہانگیر انور،ایڈیشنل سیکرٹری شاہد اقبال،ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی، ڈائریکٹر آرٹس کونسل عطا محمد،ممبر کمیٹی کنول نعمان کے علاوہ دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ فنکاروں کو حکومت پنجاب کی جانب سے تشکیل کردہ میکنزم کے تحت خدمت کارڈ جاری کئے جائیں گے اور انہیں رعائتی نرخوں پر رہائشی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سرکاری شعبہ جات میں ملازمت کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی،اس حوالے سے حکومت پنجاب کی جانب سے ایک خصوصی کمیٹی قائم کی جائے جو آرٹسٹ سوشل سپورٹس سسٹم پر عملدرآمد کے حوالے سے ضروری قواعد وضوابط اور طریق کار متعین کرے گی تاکہ حقیقی طور پر مستحق اور ضرورت مندفنکاروں کی معاونت ہو سکے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اس پروگرام کا دائرہ کار صوبہ کے 36اضلاع پر محیط ہو گا تاکہ مختلف شہروں اور قصبات میں بسنے والے فنکاروں کی حق تلفی نہ ہو اور وہ پورے عزت وقار کے ساتھ فن کی خدمت جاری رکھ سکیں۔صوبائی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے ہدایت کی کہ فنکاروں کو بھی وزیراعظم صحت کارڈ کی سکیم کے دائرہ کار میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فنکار معاشرے کا عظیم ثقافتی ورثہ ہیں جن سے فن وثقافت اور لٹریچر کی اصناف نمو پاتی ہیں اور لوگوں کی ادبی تسکین کے ساتھ ساتھ اعلی سماجی اقدار ترویج پاتی ہیں اور اس طرح معاشرہ میں دانش وآگہی کا عمل جاری رہتا ہے۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی جانب سے آرٹسٹ سوشل سپورٹ سسٹم کا اجراء انتہائی خوش آئند ہے جس سے مستحق فنکاروں کا بھلا ہو گا۔