لاہور ، مختلف حادثات و واقعات میں 5افراد جاں بحق ،خواتین سمیت 10سے زائد زخمی ، ایک کی حالت تشویشناک

ٹریفک حادثات میں 25سالہ عمیر ، وقاص ، شفیق ہلاک ، عدنان کی خود کشی ، مٹی کا تودہ گرنے سے مزدور جاں بحق ہوا ‘ میڈیا رپورٹس

بدھ 8 فروری 2017 22:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2017ء) صوبائی دارلحکومت میں مختلف حادثات و واقعات میں 5افراد جاں بحق اور خواتین سمیت 10سے زائد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کوٹ لکھپت کے علاقہ میں نوجوان نے پھندا لے کر زندگی کا خاتمہ کرلیا ۔نوجوان عدنان نے نا معلوم وجوہات کی بناء پر پھندے سے جھول کر خودکشی کی ۔

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے جائے وقوعہ سے ضروری شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔شاہدرہ میں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 25سالہ عمیر جاں بحق ہوگیاجبکہ ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

(جاری ہے)

حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ۔ رائیونڈ روڈ پر بھی دو موٹر سائیکلیں تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں وقاص نامی نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا ۔ جاں بحق نوجوان کی لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ایک اور ٹریفک حادثہ لوئر مال پر پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرک نے دو بھائیوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں ایک بھائی جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا ۔

جاں بحق نوجوان کی شناخت شفیق اور زخمی کی رفیق کے نام سے ہوئی ہے ۔ ہسپتال میں زخمی نوجوان کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔ باٹا پور میں واقع بسم اللہ ہائوسنگ سوسائٹی میں مٹی کا تودہ گر گیا، مٹی کا تودہ گرنے سے ایک غریب محنت کش جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے، حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچ گئیں، ریسکیو اہلکاروں نے تین مزدوروں کو ملبے سے نکال لیا اور طبی امداد کیلئے گھرکی ہسپتال منتقل کردیا۔

اچھرہ میں مکان کی بوسیدہ چھت گرنے سے خواتین سمیت چار افراد زخمی ہو گئے ۔ پیر غازی روڈ پر مندر کے قریب رہائش پذیر منیر نامی شخص کے مکان کی بوسیدہ چھت گر گئی۔ چھت کے ملبے تلے دب کر 18 سالہ انعم ، اسکی والدہ صغراں، بھائی صغیر اور ایک راہگیر زخمی ہو گیا۔ ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر سروسز ہسپتال منتقل کردیا، جہاں انکی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔