حکومت پنجاب مستحق فنکاروں کی مالی امداد کے لئے آرٹسٹ سوشل سپورٹ سسٹم نافذ کرے گی‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

صوبائی حکومت نے 137 مستحق فنکاروں کی امداد کے لئے 50ملین روپے کی گرانٹ جاری کر دی، آرٹسٹ سوشل سپورٹ سسٹم سے 36اضلاع کے مستحق وضرورت مند فنکاروں کو فائدہ پہنچے گا‘ صوبائی وزیر اطلاعات وایکسائز اینڈ ٹیکسیشن

بدھ 8 فروری 2017 22:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2017ء) حکومت پنجاب نے فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی معاونت کے لئے آرٹسٹ سوشل سپورٹ سسٹم لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس مفید نظام کے تحت فنکاروں کی مالی وسماجی معاونت کی جائے گی تاکہ وہ کسی بھی مشکل صورتحال کا شکارنہ ہوں اور زمانے کی سختیوں کا شکار ہوئے بغیر فن کی خدمت کا مقدس مشن جاری رکھ سکیں،اس حوالے سے بھی یہ بات بھی قابل تحسین ہے کہ حکومت پنجاب نے 137رجسٹرڈ فنکاروں کی مالی امداد کے لئے 5 کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری کر دی ہے، یہ رقم آئندہ 48گھنٹوں میں فنکاروں میں تقسیم کر دی جائے گی۔

یہ بات صوبائی وزیر اطلاعات وایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے الحمرا آرٹس کونسل کے کمیٹی روم میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری انفارمیشن راجہ جہانگیر انور،ایڈیشنل سیکرٹری شاہد اقبال،ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی،ڈائریکٹر آرٹس کونسل عطا محمد،ممبر کمیٹی کنول نعمان کے علاوہ دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ فنکارووں کو حکومت پنجاب کی جانب سے تشکیل کردہ میکنزم کے تحت خدمت کارڈ جاری کئے جائیں گے اور انہیں رعائتی نرخوں پر رہائشی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سرکاری شعبہ جات میں ملازمت کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔اس حوالے سے حکومت پنجاب کی جانب سے ایک خصوصی کمیٹی قائم کی جائے جو آرٹسٹ سوشل سپورٹس سسٹم پر عملدرآمد کے حوالے سے ضروری قواعد وضوابط اور طریق کار متعین کرے گی تاکہ حقیقی طور پر مستحق اور ضرورت مندفنکاروں کی معاونت ہو سکے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اس پروگرام کا دائرہ کار صوبہ کے 36اضلاع پر محیط ہو گا تاکہ مختلف شہروں اور قصبات میں بسنے والے فنکاروں کی حق تلفی نہ ہو اور وہ پورے عزت وقار کے ساتھ فن کی خدمت جاری رکھ سکیں۔صوبائی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے ہدایت کی کہ فنکاروں کو بھی وزیراعظم صحت کارڈ کی سکیم کے دائرہ کار میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فنکار معاشرے کا عظیم ثقافتی ورثہ ہیں جن سے فن وثقافت اور لٹریچر کی اصناف نمو پاتی ہیں اور لوگوں کی ادبی تسکین کے ساتھ ساتھ اعلی سماجی اقدار ترویج پاتی ہیں اور اس طرح معاشرہ میں دانش وآگہی کا عمل جاری رہتا ہے۔

اس حوالے سے وزیراعلی محمد شہباز شریف کی جانب سے آرٹسٹ سوشل سپورٹ سسٹم کا اجراء انتہائی خوش آئند ہے جس سے مستحق فنکاروں کا بھلا ہو گا۔