میٹرریڈرز کامطالبات کے حق میں سوئی گیس ہیڈ کوارٹر کے باہر چوتھے روز بھی احتجاج اور دھرنا

ہیڈ کوارٹر کے اندر داخل ہونیکی کوشش ناکام بنا دی گئی ،گھروں میں پولیس بھجوائی جارہی ہے،احتجاج جاری رہیگا‘ مظاہرین کی دھمکی

جمعرات 9 فروری 2017 17:44

میٹرریڈرز کامطالبات کے حق میں سوئی گیس ہیڈ کوارٹر کے باہر چوتھے روز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2017ء) سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کے سٹوڈنٹس پروگرام میں بھرتی ہونے والے میٹر ریڈرز نے مستقل نہ کرنے کیخلاف ہیڈ کوارٹر کے باہر چوتھے روز بھی احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا جس کے باعث ڈیوٹی پر آنے والے افسران اور ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ،مشتعل مظاہرین نے زبردستی ہیڈ کوارٹر کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی جسے سکیورٹی گارڈز نے ناکام بنا دیا ۔

سٹوڈنٹس پروگرام میں بھرتی ہونے والے میٹر ریڈرز نے اپنے مطالبات کے حق میں ایس این جی پی ایل کے ہیڈ کوارٹر کشمیر روڈ پرمسلسل چوتھے روز بھی احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا اورانتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی اور زبردستی اندر داخل ہونے کی بھی کوشش کی جسے سکیورٹی گارڈز نے ناکام بنا دیا۔

(جاری ہے)

ایکشن کمیٹی کے سربراہ فیصل شہزاد نے بتایا کہ مطالبات کیلئے احتجا ج کرنے والے ملازمین کی تعداد 750کے قریب ہے اب ہم جب مستقل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں تو ہمیں کہا جارہا ہے کہ ہم اوور ایچ ہو چکے ہیں ۔

ایسے ملازمین بھی ہیں جو 18سال سے ملازمت کر رہے ہیں لیکن ہمارے احتجاج کے بعد عارضی ملازمتیں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔ ہمارے گھروں پر پولیس بھجوائی جارہی ہے ۔ اگر ہم نے ایسے ہی مرنا ہے تو کیوں نہ ہم سوئی گیس کے دفتر کے سامنے اپنی جانیں دیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھوک ہڑتال پر جانے کے باعث ایک ساتھی کی حالت بگڑ گئی ہے جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے احتجاج جاری رہے گا۔