ہونہار طلبا ء و طالبات کو کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے، رانا مشہود احمد

جمعرات 9 فروری 2017 22:05

لاہور۔9 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ ہونہار طلباء و طالبات کو کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ موجودہ دور کے تقاضوںکے پیش نظر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے ڈیپارٹمنٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ میںمحکمہ سکول ایجوکیشن میں انقلابی اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں فروغ تعلیم کیلئے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

سرکاری سکولوں میںجدید ٹیکنالوجی کا استعمال پنجاب حکومت کا احسن اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بچوں کو یکساں وسائل کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی نئی نسل انتہائی با صلاحیت اور ذہین ہے اور یہی بچے پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔اجلاس میں ایم این اے مسلم لیگ (ن) شیزا فاطمہ خواجہ،ایم پی ایز لبنیٰ فیصل ،حنا پرویز بٹ اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

صوبائی وزیرنے شرکاء کو بتایا کہ تعلیمی اداروں میں نوجوان تعلیم یافتہ ٹیچرز کی بھرتی سے تعلیمی معیار میں مثبت تبدیلی آرہی ہے اور اب پرائیویٹ سکولوں سے طلبہ سرکاری سکولوں کی طرف آرہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب کے جنوبی اضلاع کے تعلیمی اداروں میں طالبات کا ماہانہ وظیفہ ایک ہز ار روپے کر دیا ہے جو کہ پنجاب حکومت کی علم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

رانا مشہود احمد خاں نے بتایا کہ ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہو گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت اس سلسلے میں انقلابی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ہر سال ہزاروں اساتذہ کی میرٹ پر تقرری ،اساتذہ کا تربیتی پروگرام، سکولوں و کالجوں کی تعداد میںاضافہ ،سائنس و کمپیو ٹر لیبارٹریوں کا قیام ،نمایاں کارکردگی کے حامل اساتذہ اور طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم،غیر ملکی مطالعاتی دورے اور ٹاپ پوزیشنز حاصل کرنے والے سٹوڈنٹس کو ’’ گارڈ آف آنر‘‘ پنجا ب حکومت کی جانب سے ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔