بلتستان ڈویژن میں شدید برف باری کے باعث سڑکوں اور پلوں کو پہنچنے والے نقصان پر متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ فوری اقدامات کر رہی ہے

صو با ئی وزیر اطلاعات، منصوبہ بندی و ترقیات اقبال حسن کابیان

جمعرات 9 فروری 2017 23:43

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 فروری2017ء) صو با ئی وزیر اطلاعات، منصوبہ بندی و ترقیات اقبال حسن نے کہا ہے کہ بلتستان ڈویژن میں شدید برف باری کے باعث سڑکوں اور پلوں کو پہنچنے والے نقصان پر متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ فوری اقدامات کر رہی ہے۔ ان اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اور انکا ماتحت عملہ متاثرہ علاقوں میں بحالی اور ریسکیو کے کام کے لیئے سر گرم عمل ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کے تما م ادارے بشمول محکمہ صحت اور محکمہ خوراک کوشش کر رہا ہے کہ عوام کو شدید سردی میں ادویات اور خوراک کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ضلعی انتظامیہ نقصانات کی تلافی کے لیئے فوری اقدامات کر سکے۔ بلتستان کے علاوہ ضلع غذر کے بالائی علاقوں میں بجلی کی بحالی اور سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جا ری ہے ۔

(جاری ہے)

بلتستان میں دور افتادہ علاقوں میں موسمی آفات سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کے لیئے صوبائی حکومت نے ہدایات جاری کردی ہیں اور ان اضلاع میں ہنگامی حالات سے بھرپور طور پر نمٹا جائے گا۔ متعلقہ حکام ہسپتالوں اور خوراک کے ڈپوز کا دورہ کر کے ضروری اقداما ت کر چکے ہیں ، ڈغونی میں ضلعی انتظامیہ نے دن رات کی انتھک کو ششوں کے بعد بجلی بحال کر دی ہے اور رابطہ سڑکوں کو کھول دیا ہے۔

صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم عوام کی مشکلات کا ازالہ کرنے کے لیئے ہرممکن اقدامات کریں گے، عوام کی تکالیف کا ہمیں بھرپور احساس ہے۔ صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے معمولات زندگی کو بحال کرنے کے لیئے کوششیں کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :