ٹرمپ انتظامیہ ایران کو واضح ترین خطرہ شمار کرتی ہے،سینئر امریکی عہدیدار

وہائٹ ہاؤس نیوکلیئر معاہدے کے چیتھڑے اڑانے کے بجائے ایران کو سزا دے سکتاہے،گفتگو

جمعہ 10 فروری 2017 15:18

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2017ء) ایک اہم امریکی عہدے دار نے بتایا ہے کہ نئی انتظامیہ ایران کو امریکی مفادات کے لیے واضح ترین خطرہ شمار کرتی ہے اور وہ اس پر دباؤ کے طریقے تلاش کر رہی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عہدے دار نے مزید بتایا کہ وہائٹ ہاؤس نیوکلیئر معاہدے کے چیتھڑے اڑانے کے بجائے تہران کو سزا دینے کی جانب جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کی بنیادی وجہ ایران کا مشرق وسطی کے ممالک میں بعض جماعتوں کو سپورٹ کرنا ہے جن میں لبنانی حزب اللہ ، یمن کی حوثی ملیشیا اور عراق میں شیعہ تنظیمیں شامل ہیں۔ تاہم امریکی عہدے دار نے پاسداران انقلاب پر پابندی کے ممکنہ برعکس نتائج سے خبردار کیا۔ اس سے ایران میں بنیاد پرستوں کی شوکت میں اضافہ ہونے کے ساتھ صدر حسن روحانی کی پوزیشن کمزور پڑ سکتی ہے۔ اس سے ان قوتوں کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی جن کو تہران حکومت عراق اور شام میں سپورٹ کر رہی ہے۔