لیسکو کے تین سب ڈویژنز کے میٹر ریڈنگ سیکشن کی مجوزہ نجکاری کیخلاف ملازمین کا ہیڈ کوارٹر کے باہر دھرنا دے کر احتجاج

ملازمین کی شدید نعرے بازی ،فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ ، افسران اور دیگر ملازمین کو داخلی راستے پر دھرنے کے باعث مشکلات

جمعہ 10 فروری 2017 17:25

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2017ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی سپلائی کمپنی ( لیسکو ) کے تین سب ڈویژنز کے میٹر ریڈنگ سیکشن کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین نے ہیڈ کوارٹر کے باہر دھرنا دے کر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا ، ملازمین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ، افسران اور دیگر ملازمین کو داخلی راستے پر دھرنے کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

تفصیلات کے مطابق لیسکو کی جانب سے تین سب ڈویذنز نیاز بیگ ، ملتان روڈ اور سرائے مغل کے میٹر ریڈنگ سیکشن کی مجوزہ نجکاری کے خلاف لیسکو ورکرز یونین کے زیر اہتمام ملازمین نے ہیڈ کوارٹر آفس کے داخلی راستے پر دھرنا دیا ۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ فیصلے سے 75ہزار میٹروں کی ماہانہ ریڈنگ کا کام کرنیوالے ملازمین بے روزگار ہوجائیں گے ۔

(جاری ہے)

لیسکو انتظامیہ کو خط بھی لکھا تھا کہ میٹر ریڈنگ نجی کمپنیوں سے کر وانے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے لیکن افسران نے جواب دینا تک گوارا نہیں کیااور شنوائی نہ ہونے پر مجبوراً احتجاج کرنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔

اس موقع پر ملازمین شدید نعرے بازی بھی کرتے رہے ۔ ہیڈ کوارٹر کے مرکزی دروازے پر دھرنے کے بعد افسران اور دیگر ملازمین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔