عالمی امن کیلئے کینیڈا کا کردار مثبت ہے، امریکی صدارتی انتخابات کے بعد کینیڈا کا رویہ قابلِ تحسین ہے، تین لاکھ سے زائدپاکستانی باشندے کینیڈا کے کثیرالجہتی معاشرے کا اہم حصہ ہیں، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کی کینیڈین ہائی کمشنرپیری جان کالڈروڈ سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 10 فروری 2017 19:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 فروری2017ء) پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے عالمی امن کیلئے کینیڈا کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ امریکی صدارتی انتخابات کے بعد کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی طرف مختلف امور بالخصوص تارکینِ وطن کے حوالے سے قابلِ تحسین رویہ سامنے آیا ہے، انہوں نے کینیڈین ہائی کمیشنرپیری جان کالڈروڈ سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے مابین دوطرفہ تعلقات نے ہر شعبے پر انمٹ نقوش مرتب کیے ہیں،ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے پاکستان ہندو کونسل کے تحت ہیلتھ، ایجوکیشن اور سوشل سیکٹر میں جاری مختلف منصوبوں کے بارے میں بھی انہیں آگاہ کیا، کینیڈین ہائی کمیشنرپیری جان کالڈروڈ کاپاکستان ہندو کونسل کے زیراہتمام قومی مذہبی ہم آہنگی کانفرنس کے انعقاد پرتبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پاکستانی معاشرے میں ایسی تقریبات کا منعقد ہوناایک خوش آئیند اقدام ہے، انہوں نے آئیندہ ماہ ہندو جوڑوں کی اجتماعی شادی پروگرام کیلئے بھی نیک تمنات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ایک محتاط اندازے کے مطابق کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کی تعداد تین لاکھ سے زائد ہے جو برداشت، رواداری پر مبنی کثیرالجہتی کینیڈین معاشرے کے ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔