فاٹا پارلیمانی لیڈر کا فاٹا اصلاحات کمیٹی کی رپورٹ پر عملدرآمدمیں تاخیرپر آئندہ ہفتے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

12مارچ کو اسلام آباد کی طرف قبائل کے لانگ مارچ بارے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی،اے پی سی میں حکومت پر دباؤڈالنے کیلئے سیاسی جماعتوں و قبائل کی مشترکہ ورکنگ کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ بھی متوقع، حقوق قبائل کنونشن کے فیصلوں کے بارے میں سیاسی جماعتوں کو اعتمادمیں لیں گے

جمعہ 10 فروری 2017 22:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 فروری2017ء) قومی اسمبلی میں فاٹا کے پارلیمانی لیڈرشاہ گل جی آفریدی نے فاٹا اصلاحات کمیٹی کی رپورٹ پر عملدرآمدمیں تاخیرپر آئندہ ہفتے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے 12مارچ کو اسلام آباد کی طرف قبائل کے لانگ مارچ کے بارے میں سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی ذرائع کے مطابق اے پی سی میں حکومت پر دباؤڈالنے کے لئے سیاسی جماعتوں و قبائل کی مشترکہ ورکنگ کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ بھی متوقع ہے شاہ جی گل آفریدی حالیہ حقوق قبائل کنونشن کے فیصلوں کے بارے میں سیاسی جماعتوں کو اعتمادمیں لیں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کے اس تازہ بیان کے فاٹا اصلاحات کوکابینہ کے ایجنڈے سے خارج نہیں کیا گیا ہے کے بعد کمیٹی کی سفارشات میں پیشرفت کیلئے پارلیمانی لیڈر شاہ جی گل آفریدی متحرک ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اس معاملے پر ان کی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وزیردفاع خواجہ محمد آصف سے غیررسمی ملاقات بھی ہوئی اور وزراء سے درخواست کی کہ وزیراعظم کے گذشتہ روز کا بیان سے قبائل کیلئے حوصلہ افزاء ہے،حکومت ہرصورت رواں ماہ اصلاحات کے نفاذ کا اعلان کردے تاکہ قبائل سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کے اس معاملے پر احتجاج کی نوبت نہ آئے۔

انہوں نے وزراء کو حقوق قبائل کنونشن میں ہر ایجنسی اور ایف آر کے علاقوں سے ہونے والی نمائندگی سے بھی آگاہ کیا اور اس توقع کااظہار کیا کہ قبائل کے احساسات اور جذبات کے مطابق جلد فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد شروع ہوجائے گا،ان معاملات پر شاہ جی گل آفریدی آل پارٹیز کانفرنس طلب کرنے کیلئے بھی متحرک ہوگئے ہیں، جس میں اپوزیشن جماعتوں پیپلزپارٹی،تحریک انصاف،جماعت اسلامی،عوامی نیشنل پارٹی،مسلم لیگ ق سمیت حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بھی مدعوکیا جائے گا،اے پی سی آئندہ ہفتے اسلام آباد میں ہوگی،حقوق قبائل کنونشن کی سفارشات اور وزیرسیفران لیفٹننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ سے فاٹا پارلیمانی اراکین کی ہونے والی ملاقات میں ہونے والے فیصلوںکی روشنی میںآئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔

…(خ م+اع)

متعلقہ عنوان :