عراق میں اتحادی افواج کے فضائی حملے میں فرانس میں دہشتگرد ی کی متعدد کاروائیوں میں ملوث داعش کا اہم رہنما مار ا گیا

موصل کے قریب اتحادی افواج نے راشد قاسم کو نشانہ بنایا جو داعش کا ایک چوٹی کا کارندہ تھا،ترجمان پینٹاگان

ہفتہ 11 فروری 2017 14:07

واشنگٹن /بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 فروری2017ء) عراق کے شہر موصل میں اتحادی افواج کے فضائی حملے میں فرانس میں دہشتگرد ی کی متعدد کاروائیوں میں ملوث داعش کا اہم رہنما مار ا گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراق کے شہر موصل میں داعش سے تعلق رکھنے والا چوٹی کا ایک بااثر غیر ملکی لڑاکا جس کا فرانس میں ہونے والے متعدد حملوں اور منصوبوں سے تعلق بتایا جاتا ہے اتحاد کی فضائی کارروائی میں ہلاک ہوگیا ۔

پینٹاگان کے ترجمان میجر اڈرائن جے ٹی رنکین گیلووے نے بتایا کہ 72 گھنٹے قبل موصل کے قریب اتحادی افواج نے راشد قاسم کو نشانہ بنایا جو داعش کا ایک چوٹی کا کارندہ تھا۔ترجمان نے بتایا کہ اس کارروائی کے نتائج کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔اپنی بیوی اور تین بچوں کے ہمراہ، سنہ 2012 میں قاسم شام پہنچا، جس کے بعد جون 2016 تک انھوں نے فرانس میں کم از کم چار حملے کرنے کی سازش تیار کی۔

(جاری ہے)

داعش کے اِن حملوں میں جون، 2016 میں پیرس کے نورمنڈی علاقے میں ایک فرانسیسی پادری کا قتل؛ اور پیرس میں نوٹرے ڈیم کے ایک گرجا گھر پر کی گئی حملے کی ایک کوشش، جب کہ تین فرانسیسی خواتین کی جانب سے بارودی مواد سے بھری ایک کار پارک کرنے کی سازش شامل تھی۔ بعد میں تین خواتین کو گرفتار کیا گیا تھا۔سال 2016 میں نمودار ہونے والی داعش کی ایک وڈیو میں قاسم کو ایک یرغمالی کا سر قلم کرتے دکھایا گیا تھا، جس میں فرانس کے صدر فرانسواں اولاں کو دھمکی دی گئی تھی۔ انھوں نے فرانسیسی شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ مزید حملے کریں۔اِس فضائی کارروائی کی تفصیلات سب سے پہلے فرانس کے ذرائع ابلاغ میں آئیں، جن میں بتایا گیا کہ قاسم کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :