دبئی میں مقیم کشمیریوں نے آج واضح پیغام مودی کو بھیجا ہے کہ اب بھارت کو کشمیر پر قبضہ چھوڑنا ہوگا اور ایک دوٹوک پیغام نواز شریف کو بھی بھیجا ہے کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی نواز شریف کو بہت مہنگی پڑے گی ‘تاریخ گواہ ہے کہ جس نے بھی کشمیریوں سے غداری کی اسکا دھڑن تختہ ہوا ہے

آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا دوبئی میں پارٹی جلسہ سے خطاب

ہفتہ 11 فروری 2017 17:00

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 فروری2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ دبئی میں مقیم کشمیریوں نے آج ایک واضح پیغام مودی کو بھیجا ہے کہ اب بھارت کو کشمیر پر قبضہ چھوڑنا ہوگا اور ایک دوٹوک پیغام نواز شریف کو بھی بھیجا ہے کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی نواز شریف کو بہت مہنگی پڑے گی کیونکہ تاریخ گواہ ہے کہ جس نے بھی کشمیریوں سے غداری کی اسکا دھڑن تختہ ہوا ہے۔

مودی اور نواز شریف نے ملکر ایک ساش کے تحت پی ٹی آئی کشمیر کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں ہرانے کی کوشش کی اور میں نے اسے ایک چیلنج سمجھ کرامریکہ، برطانیہ،یورپ اور دیگر جگہوں پر مظاہرے کرکے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے پانامہ لیکس پر عدالتی، سیاسی، اخلاقی جنگ لڑ کر نواز شریف کو سب کے سامنے ننگا کر دیا ہے اور پاکستان میں پہلی مرتبہ ایک کرپٹ وزیر اعظم کو عدالتی کٹہرے میں کھڑا ہونا پڑا ہے۔

آج دبئی کا یہ جلسہ یہاں کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہے جس سے یہ ہال اور باہر پارکنگ سب مکمل طور پر فل ہیں اگر یہ ساحل سمندر پر بھی ہوتا تو عوام کا جم غفیر اسی طرح ا مڈ آتا۔ میں آج بھی یہی کہوں گا کہ میری حکومت عوام کے دلوں پر قائم ہے میں عہدوں کا محتاج نہیں بھی عہدے میرے محتاج ہیں۔ جبکہ دھاندلی اور فراڈ سے آنے والوں کی نہ ہی کوئی اہمیت ہوتی ہے اور نہ ہی کوئی وقعت۔

دبئی کا یہ جلسہ ایک عمومی پیغام ہے کہ اب پی ٹی آئی کشمیر کا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔مجھے نظر آرہا ہے کہ 2017 ء نواز شریف کی حکومت کے خاتمے کا سال ہے اور نواز شریف کی حکومت کے خاتمے کے ساتھ ہی آزاد کشمیر میں بھی ن لیگ کی حکومت ختم ہو جائے گی۔دونوں اطراف کے کشمیری لائن آف کنٹرول کو دیوار برلن کی طرح روند ڈالیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں دبئی میں پی ٹی آئی کشمیر کے زیر اہتمام ایک بہت بڑے جلسہ عام سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جلسہ عام کی صدارت پی ٹی آئی کشمیر گلف کے سیکریٹری جنرل راجہ راشد نے کی جبکہ جلسہ سے پی ٹی آئی کشمیر کے سیکریٹری خزانہ چوہدری اخلاق،سابق وزیر چوہدری رفیق نیر،سابق ممبر اسمبلی چوہدری مقبول احمد، سابق امیدوار برائے ممبر کشمیر کونسل ڈاکٹر انصر ابدالی،سابق امید وار اسمبلی چوہدری شوکت فرید، دربار عالیہ کھڑی شریف کے سجادہ نشین و پی ٹی آئی کشمیر علماء مشائخ بورڈ کے چئیرمین میاں عمر بخش،سردار رزاق آف سہنسہ،راجہ یاسر سرور کھوئی رٹہ،چیف آرگنائززر گلف سردار ماجد شریف،عدیل میر،سردار عدنان بشیر، سردار مرتضی بانڈی عباسپور،جبکہ برطانیہ پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی رہنماء ضیاء گورسی،پولینڈ سے چوہدری شبیر،سابق ڈی جی کشمیر سیل ندیم قاسمی،سردار اورنگزیب، چوہدری محمد علی،چوہدری نذیر، چوہدری مختار احمد اور پی ٹی آئی یوتھ ، آئی ٹی ایف کے عہدیداروں سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزیدکہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کے ذمہ دار پوری طرح سے مودی اور نواز شریف ہیں کیونکہ دونوں نے ایک سازش کے تحت آزاد کشمیر میں ایک کینگرو اسمبلی لاکر تقسیم کشمیر کی پالیسی پر گامزن ہیں لیکن میں یہاں دبئی سے دونوں کا واضح اور دو ٹوک پیغام دے رہا ہوں کہ مودی نواز ایک نہیں ایک سو ایک سازشیں کر لیں میں کسی صورت تقسیم کشمیر نہیں ہونے دوں گا۔

میں نے نیویارک، برسلز، پیرس اور لندن سے بھارتی حکومت کو للکارا تھا اور میں آزاد کشمیر کا واحد لیڈر ہوں جس نے سرینگر کے لال چوک میں جلسہ کرکے بھارتی حکومت کو للکارہ تھا اور باور کرایا تھاکہ کشمیری کسی صورت تقسیم کشمیر نہیں ہونے دیں گے۔آج وقت آگیا ہے کہ دونوں اطراف کے کشمیری لائن آف کنٹرول کو اسی طرح روند ڈالیں جیسے کہ جرمن عوام نے سویت یونین اور امریکی فوجوں کی موجودگی میں دیوار برلن کو روند ڈالا تھا اوردونوںفوجیں دیکھتی رہ گئی تھیں۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آج ہم دبئی سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جنکی قربانیوں کی وجہ سے دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف مبذول ہو چکی ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے انتہائی سمجھداری کے ساتھ پانامہ لیکس کی تفصیلات سامنے لا کر نواز شریف کو سب کے سامنے ننگا کر دیا ہے اگر چہ فیصلہ تو سپریم کورٹ نے ہی کرنا ہے لیکن اب عوام اب جان چکے ہیں کہ اس نے کس طرح کرپشن کے اربوں ڈالر بیرون ملک منتقل کیے۔

اور اب نواز شریف کااحتساب شروع ہو چکا ہے۔انھوں نے کہا کہ آج کا جلسہ دبئی کی تاریخ کا کشمیریوں اور پاکستانیوں کا سب سے بڑا اور تاریخی اجتماع ہے جس میں ہوٹل کا ہال اور باہر پارکنگ سب فل ہیں اگر یہ ساحل سمندر پر بھی ہوتا تو اسی طرح سے عوام کا جم غیر ہوتا۔ہم یہاں کے قوانین کے مطابق کام کرنا چاہتے ہیں اور ہم یو اے ای حکومت کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے اتنا بڑاا جتماع منعقد کرنے کی اجازت دی۔ آج ثابت ہو گیا ہے کہ بیرون ملک کشمیریوں کے دلوں پر میری حکومت ہے جسے مودی اور نواز شریف کی کوئی سازش ختم نہیں کر سکتی۔میں آزاد کشمیر کا سب سے کم عمر ترین وزیر اعظم رہا ہوں عہدے میرے محتاج ہیں میں عہدوں کا محتاج نہیں۔