پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، میری ٹائم سکیورٹی فورس بندرگاہوں اور سمندری حدود کی حفاظت کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی، میری ٹائم سکیورٹی فورس دہشت گردوں کے خلاف مضبوط ہتھیار ثابت ہوگی، بحری مشقوں سے پورے خطے میں پاکستان کا مثبت امیج جائے گا، روس کی ان مشقوں میں پہلی بار شمولیت خوش آئند ہے

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کا میرین اکیڈمی سے خطاب

ہفتہ 11 فروری 2017 22:08

پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، میری ٹائم سکیورٹی فورس بندرگاہوں ..
لاہور۔11 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور میری ٹائم سکیورٹی فورس بندرگاہوں اور سمندری حدود کی حفاظت کرنے میں اہم کردار ادا کر ے گی اور دہشت گردوں کے خلاف مضبوط ہتھیار ثابت ہوگی۔ بحری مشقوں سے پورے خطے میں پاکستان کا مثبت امیج جائے گا خاص طور پر روس کی ان مشقوں میں پہلی بار شمولیت خوش آئند ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرین اکیڈمی اور پنجاب حکومت کے زیر اہتمام میری ٹائم سیمینار کے اختتامی سیشن میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کمانڈنٹ پاکستان میرین اکیڈمی کموڈور اکبر نقوی اور مختلف یونیورسٹیوں اور کالجز کے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ سی پیک اور گوادر بندرگاہ سے ملٹری سکیورٹی کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی95 فیصد تجارت سمندری حدود سے ہوتی ہے جسے محفوظ بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مشقوں کے انعقاد سے تمام ملکوں کی بحری فورسز کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا نہ صرف موقع ملے گا بلکہ اس سے تعاون بھی بڑھے گا۔ گورنر نے کہا کہ پاکستان خطے میں ایک مضبوط معاشی ملک بن کر سامنے آرہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر بندگاہ بننے سے خطے میں پاکستان کا سمندری کردار اور بھی بڑھ گیا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ نوجوان نسل قوم کا حقیقی اثاثہ اور سرمایہ ہے ، آج اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ ہم معاشرے کی ہر سطح پر مثبت اور تعمیری رویوں اور اعلیٰ انسانی روایات کو پروان چڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ مثبت سوچ رکھنی ہے ، منفی سوچ کو مائنس کرنا ہے، تعمیری تنقید ضرور کریں وہ تنقید جس میں اصلاح کا پہلو نظر آئے پھر دیکھیں پاکستان کیسے ترقی کی منازل طے کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی یوتھ ہی ہمارے کل کے پاکستان کا مستقبل ہے ۔گورنر پنجاب نے پاکستان میری ٹائم اکیڈمی کے سربراہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوشی کا امر ہے کہ آپ لوگوں نے اس وقت آگاہی مہم شروع کی ہے جو پاکستان کی ضرورت ہے یقینا اس سے نوجوان نسل کے لئے سی پیک کی افادیت کو سمجھنے میں اہم رول ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔