صوبے کے امن و امان میںبہتری آئی ہے ،اب پوری دنیا سے آنے والے سیاح آزادی سے سیروتفریح کرسکتے ہیں،ٹورڈی گلیات سائیکل ریس نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا پرامن صوبہ ہے یہاں کی پولیس خودمختار ہے ،فاٹا میں فوج کی مدد سے امن بحال ہواگیاہے ، صوبہ کے سیاحتی مقامات سیاحوں کیلئے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ٹورازم کارپوریشن اور صوبہ حکومت صوبہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدا مات اٹھا رہی ہے

صوبائی وزیر اطلاعات مشتاق غنی کا ٹوردی گلیات نیشنل سائیکل ریس کی اختتامی تقریب سے خطاب

اتوار 12 فروری 2017 19:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 فروری2017ء) صوبائی وزیر اطلاعات مشتاق غنی نے کہا ہے کہ صوبہ میں لائن آف آرڈرمیں بہتری آئی ہے اوراب پوری دنیا سے آنے والے سیاح آزادی سے سیروتفریح کرسکتے ہیں اور آج ٹوردی گلیات سائیکل ریس نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا پرامن صوبہ ہے یہاں کی پولیس خودمختار ہے جو یہاں نیشنل سیکورٹی فراہم کررہی ہے جبکہ فاٹا میں فوج کی مدد سے امن بحال ہواگیاہے ، صوبہ کے سیاحتی مقامات سیاحوں کیلئے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ٹورازم کارپوریشن اور صوبہ حکومت صوبہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدا مات اٹھا رہی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹوردی گلیات نیشنل سائیکل ریس کی اختتامی تقریب کے موقع پر خطاب میں کیا ،اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر سپورٹس خیبرپختونخواطارق محمود،جنرل منیجر ٹورازم کارپویشن محمد علی سید، سیکرٹری پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن سید اظہر علی شاہ، ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے عہدیداران ، صدر خیبرپختونخوا سائیکلنگ فیڈریشن نثاراحمد، سیکرٹری تیفورزرین، افغانستان سائیکلنگ کے صدر صدیق صدیقی سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں،وزیر اطلاعات مشتاق غنی کا مزید کہنا تھا کہ وفاق کو اگر پاکستان تحریک انصاف کے بلین ٹری سونامی نظر نہیں آتے تو وہ گوگل پر سرچ کرلے شیشے کی طرح سب نظر آجائیگا، 60کروڑ سے زائد درخت لگا دیئے گئے ہیں جبکہ باقی 40 کروڑ دسمبر تک لگا دیئے جائینگے ،اس دوران 7ارب روپے خرچ ہوئے تاہم باقی پراجیکٹ پر 4ارب روپے مزید خرچ آئے گا، انہوں نے ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کو ٹوردی گلیات سائیکل ریس منعقد کرنے اور سپانسر کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ صوبہ میں سیاحت کے فروغ اور امن کا پیغام دینے کیلئے ایسے اقدامات کو سپورٹ کرنا احسن اقدام ہے ، صوبائی حکومت نے نتھیاگلی کو مکمل طور پر نیا اور خوبصورت بنا دیا ہے جبکہ اب ناران اور کاغان کو بھی نتھیاگلی کے طرز پر خوبصورت بنا رہے ہیں جس پرکام جاری ہے ،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا ہمیشہ سپورٹ وژن رہا ہے اور اس سلسلے میں تحصیل سطح پر گرائونڈز بنانے کا وعدہ پورا ہونے والا ہے ، 80سپورٹس گرائونڈز کی منظوری دی گئی تھی جن میں 50 کے قریب مکمل کرکے کھلاڑیوں کیلئے تیار ہیں جبکہ باقی ماندہ بھی جلد تیار کرلئے جائینگے جبکہ صوبہ میں موجود سپورٹس گرائونڈز کی تزہین و آرائش کا بھی آغاز کیا جائیگا، ایبٹ آباد سوات ، نوشہرہ اور کوہاٹ میں 4انڈورجمنازیم ہال اورگرائونڈز بنا رہے ہیں جس میں ملٹی پرپس گیمز کھیلی جا سکتی ہیں جبکہ ایبٹ آباد میں 2انڈورجمنازیم بنا رہے ہیں جس میں ایک خواتین اور ایک مردوں کیلئے بنا رہے ہیں،سکول سطح سے ٹیلنٹ آگے لانے کیلئے سکولوں میں پلے گرائونڈز کی منظوری دی گئی ہے اور سکولوں کو سالانہ 1,1 لاکھ روپے صرف سپورٹس گرمیوں کیلئے فراہم کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کھیلوں کے انعقاد کیلئے کھلاڑیوں کو مکمل سپورٹ فراہم کریگی، ٹورازم کارپوریشن اورخیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام دوسری ٹورد ی گلیات نیشنل سائیکل ریس کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی،ریس میں واپڈا کے نجیب اللہ نے 10گھنٹے 11منٹ اور 14 سیکنڈ سے جیت لی جبکہ سوئی سدرن گیس کے حبیب اللہ نے 10گھنٹے 15منٹ اور4سیکنڈ کیساتھ دوسری اور ایس ایس جی سی ہی کے نعمت اللہ نے 10گھنٹے 15منٹ اور41 سیکنڈ کیساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی،ریس میں افغانستان کے 6کھلاڑیوں سمیت ملک بھرسے 80سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت ، ٹوردی گلیات سائیکل ریس کا تیسرا مرحلہ ایبٹ آباد سے نتھیاگلی تک منعقد ہوا جس کا فاصلہ 32 کلومیٹرتھا ، واضح رہے کہ ریس کا دوسرا مرحلہ اسلا م آبادسے ایبٹ آبادتک منعقد ہواجس میں پہلی پوزیشن واپڈا کے نثار احمد نے ،دوسری پوزیشن ایس ایس جی سی کے محمد وزیر اور واپڈا کے نجیب اللہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی ، جبکہ پہلے مرحلہ جو کہ پشاور سے اسلام آباد تک منعقد ہوا جس میں ایس ایس جی سی کے محمد رضوان نے پہلی، واپڈا کے نجیب اللہ نے دوسرے اورنثاراحمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی ،ریس میں افغانستان سمیت واپڈا اور ایس ایس جی سی کے علاوہ افغانستان ، خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ، اسلام آباد اور دیگر علاقوں سے کھلاڑی شامل تھے ۔