کوئٹہ، ڈونلڈ ٹرمپ پر اسلام فوبیا ہے امریکی عدالت انکے علاج اور چیک اپ کا حکم دینا چاہیے،مولاناولی محمدترابی

چیرمین سینیٹ رضا ربا نی کے امریکا کادورہ نہ کرنے کے راست اقدام کو سراہتے ہیں، ضلع امیرجمعیت علما ء اسلام

اتوار 12 فروری 2017 21:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 فروری2017ء) جمعیت علما ء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیرمولاناولی محمدترابی،مولانامحمدسلیم،مولانابشیراحمد،حاجی محمدحنیف لہڑی اورحاجی نصیب اللہ خلجی نے ڈپٹی چیرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کو امریکی ویزے کے اجرا میں تاخیر پر چیرمین سینیٹ رضا ربا نی کے راست اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر مسلم دشمنی اور اسلام فوبیا کی وجہ سے پاگل پن کے دورے پڑرہے ہیںامریکی عدالت کو اس کے علاج اور چیک اپ کا حکم دینا چاہیے جو دنیا کو خطرات سے دوچار کرنا چاہتا ہے انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکمرانوں کو بھی اپنی اوقات یاد آگئی ہوگی، جن کے بزدلانہ اقدامات کے باعث جمہوری اداروں کی تضحیک کی جارہی ہے انہیں غیروں کی غلامی سے نجات حاصل کرنی چاہیے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ناکام خارجہ پالیسی کے باعث ملک تنہا ئی کا شکار ہورہا ہے ہمیں متوازن خارجہ پالیسی کو چلانا تھا مگر حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث ہم امریکی غلامی کی دلدل میں دھنس کر اپنی خود مختاری کھو گئے انہوںنے کہاکہ جس ملک کی خود مختاری نہ ہو اس کی عالمی برادری میں عزت نہیں ہوتی، ایٹمی قوت اور بہادر افواج رکھنے والے پاکستان کو کسی کا دست نگر نہیں ہونا چاہیے تھا، مگر بدقسمتی سے خود مختاری کا خواب شرمند ہ تعبیر نہیں ہوسکا